ملفوظات حکیم الامت جلد 4 - یونیکوڈ |
سب مررہے ہیں۔ارے باری باری چڑھتے اترچلے جاتے دوسرے جب سوارہی ہونا نہ تھا تو ساتھ لے کر چلنے کی کون سی ضرورت تھی گھر پر ہی باندھ آنا تھا ۔ تب یہ سمجھا کہ جب کو ئی شق بھی اعتراض سے محفوظ نہ رہی اورسب پر ہاتھ صاف کیا گیا تو ایسی تیسی میں جائیں اب جو اپنے جی میں آئے گا اس پر عمل کرینگے تو حضرت کس کس کی مرضی کو ٌپورا کیا جائے اگرآدمی اسکے پیچھے پڑے تو کوئی کام بھی نہیں کرسکتا ۔ غیرمقلدوں کے مذہب کا حاصل : (ملفوظ 397) ایک سلسلہ مضمون میں فرمایا کہ ایک مولوی صاحب نے مجھ سے ایک حکایت بیان کی کہ ایک شخص نے ان سے کہا کہ فلاں فلاں بزرگ سماع سنتے تھے ان مولوی صاحب نے جواب دیا کہ ہربزرگ میں کچھ کمزوری ہوتی ہے اگر ہرایک میں اس کی کمزوری کو لے کر جمع کرکے عمل کیا جاوے تودین تو کچھ رہے گا ہی نہیں ۔ پھرفرمایا کہ حضرت مولانا محمد یعقوب رحمتہ اللہ علیہ فرمایا کرتے تھے کہ اکثر غیر مقلدوں کے مذہب کا حاصل مجموعہ رخص ( رخصتوں پرعمل کرنا ) ہے جس کا نتیجہ اکثر بددینی ہے ۔ 21شوال المکرم 1350 ھ مجلس بعد نماز ظہر یوم دوشنبہ متعدد حکایات متعلق تعویذ : (ملفوظ 398) فرمایا ایک عورت کا خط آیا ہے لکھا ہے کہ میں انڑیس پاس کرنا چاہتی ہوں ۔ میں نے امتحان دیا تھا ناکامیاب رہی آپ کوئی تعویذ دیدیں کہ میں کامیاب ہوجاؤں فرمایا کہ ان عورتوں کو کس مصیبت نے مارا یہ ان چیزوں کو حاصل کرکے کیا تیرچلائیں گی سوائے دین برباد کرنے کے اور یہ تو بے چاری عورتیں ہیں اس علم دنیا خصوص انگریزی کی بدولت تو مردوں کا دین بھی برباد ہوگیا ۔ پھر تعویذ کی مناسبت سے فرمایا کہ حضرت سید صاحبہ ہرکام کے لئے ایک ہی تعویذ یعنی یہ لکھ دیا کرتے تھے ،، خداوندااگر منظورداری حاجتش رابرآری ۔ اور اس ہی سے لوگوں کے کام نکل جاتے تھے ۔ حضرت شاہ عبدالقادرصاحب رحمتہ اللہ علیہ کے پاس ایک شخص بھنگ بیچنے آیا آکر عرض کیا کہ حضرت دکان نہیں چلتی بھنگ نہیں بکتی ایک تعویذ دیدیجئے آپ نے ایک پرچہ