ملفوظات حکیم الامت جلد 4 - یونیکوڈ |
دن کے آئے ہوئے شخص کو روشن کردیا بات یہ ہے کہ وہ سوکھا سکھایا آیا تھا محض دیا سلائی کھینچ کرلگا دینے کی ضرورت تھی اور تم گیلے ہوپھر کیسے آگ پکڑ سکتے ہو واقع ہی کام کی بات ہے غرض کہ جو کام کررہے ہو اس کو بیکار نہ سمجھو اسی کی برکت سے ان شاءاللہ تعالی ایک روز مراد تک پہنچ جاو گے ۔ خوشامد اور مکاری سے نفرت : (ملفوظ 14 ) ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ میں تو کہا کرتا ہوں کہ وہ چیزیں نفرت کی ہیں ایک پالیسی فارسی کی یعنی خوشامد اور ایک پالیسی انگریزی کی یعنی مکاری اور چالاکی میں تو ہمشہ ان سے نفرت رکھتا ہوں ۔ بزرگوں کی شان میں گستاخی سے سوخاتمہ کا اندیشہ : (ملفوظ15) ایک صاحب کے سوال کےجواب میں فرمایا کہ جی ہاں ایسے ہی اکثر غیر مقلد ہیں حدیث کا تو نام ہی نام ہے محض قیاسات ہی قیاسات میں اپنے ہی مقلد ہیں حدیث کی تو ہوا بھی نہیں لگی اور ایک چیز کا تو ان میں نام ونشان نہیں وہ ادب ہے نہایت ہی گستاخی اور بے ادب ہوتے ہیں جوجس کو چاہتے ہیں کہہ ڈالتے ہیں بڑے جری ہیں اس باب میں بزرگوں کی شان میں گستاخی کرنے والا بڑے ہی خطرہ میں ہوتا ہے اندیشہ ہوتا ہے سوخاتمہ کا حق تعالی رحم فرمائیں اور فہم سلیم عطا فرمائیں ۔ 2/ربیع الاول 1351 ھ مجلس بعد نماز جمعہ تائید غیبی کے بغیر کام نہیں چل سکتا : (ملفوظ 16) ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ نری عقل سے کیا کام پن سکتا ہے جب تک کہ تائید غیبی نہ ہو بڑے بڑے فلاسفر یونان منزل مقصود پر نہ پہنچ سک ویسے ہی ٹکریں مار کر اور ٹھوکر یں کھا کر مرگئے اور بہت سے بھولے بھاگے لوگ منزل مقصود پر نہ پہنچ گئے تو جوبے عقلی محبوب تک رسائی کا سبب ہو وہ مبارک ہے اس کہ وہ موصل الی اللہ بن گئی اور وہ عقل نامبارک ہے جو محبوب کے راستہ سے دور لے جائے اور محبوب سے مفارقت پیدا کرادے ایسی ہی عقل کو فرماتے ہیں ۔ آزمودم عقل دور اندیش را بعد ازاں دیوانہ سازم خویش را