ملفوظات حکیم الامت جلد 4 - یونیکوڈ |
|
بسم اللہ الرحمن الرحیم یکم ربیع الاول 1351ء ہجری مجلس بعد نماز ظہر یوم پنجشنبہ قوت حافظہ کے لئے مجرب عمل : (ملفوظات 1 ) ایک صاحب نے عرض کیا کہ حضرت میرے ایک لڑکا ہے اس کو قوت حافظہ کی کمی کی شکایت ہے فرمایا کہ ہمارے حضرت حاجی صاحب رحمتہ اللہ علیہ اس کے لئے یہ فرمایا کرتے تھے کہ صبح کے وقت روٹی پر الحمد شریف لکھ کر کھلایا جائے حافظہ کے لئے مفید ہے میں نے اس میں بجائے روٹی کے بسکٹ کی ترمیم کردی ہے کیونکہ بوجہ ملاست (چکنا ہونیکے ) اس پر لکھنے مین سہولت ہوتی ہے پھر ایک سوال پر فرمایا کہ حضرت کم ازکم چالیس روز کھانے کو فرمایا کرتے تھے اسی سلسلہ میں فرمایا کہ ان تعویز گنڈوں میں عامل کی قوت خیالیہ کا بہت زیادہ اثر ہوتا ہے کلمات کی قید نہیں چنانچہ حضرت سید صاحب بریلوی تعویذ میں صرف یہ لکھ دیا کرتے تھے خدا وند اگر منظور داری حاجتش رابر آری جس کام کے لئے دیتے حق تعالی پورا فرمادیتے ایک صاحب نے حضرت حاجی صاحب رحمتہ اللہ علیہ سے عرض کیا کہ حضرت اس عبارت کو یوں کردیا جاوے موزوں شعر ہوجائے خدا وند اگر منظورداری بفضلت حاجت اورا براری