ملفوظات حکیم الامت جلد 4 - یونیکوڈ |
15/ ربیع الاول 1351ھ مجلس بعد نماز ظہر یوم پجشنبہ ایک سب جج کی بدسلیقگی : (ملفوظ 208) فرمایا کہ ایک صاحب کاخط آیا ہے یہ ایک مقام پرسب جج ہیں انہوں نے بہشتی زیور کی بہت تعریف لکھی ہے اورلکھاہے کہ ایک مکمل جلد جلد سے جلد روانہ کرادی جائے ۔ میں نے لکھا ہے کہ یہ فرمائش میری گرافی کا سبب ہوئی اول میں تاجر کوتلاش کروں پھر اس سے فرمائش کروں اس کے بعد تکمیل فرمائش کی معلوم کروں اگرآپ کوکسی تاجر کا پتہ نہ معلوم ہوتو اس کا پتہ مجھ سے پوچھ سکتے ہیں اس پر فرمایا کہ اتنا بھی سلیقہ نہیں یہ سب ججی کیا خاک کرتے ہوں گے فیصلے بھی بدون تحقیق کرتے لوگ ہوں گے ۔ وساوس کا علاج : (ملفوظ 209) ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ ایک صاحب نے وساوس کی شکایت لکھی تھی میں نے لکھا تھا کہ اس طرف التفات مت کرو اورکثرت سے میرے مواعظ دیکھا کروآج خط آیا ہے لکھا ہے کہ وہ شیطانی وساوس آنے بند ہوگئے ایک آدھ کبھی آتا بھی ہے تو اس طرح جیسے بجلی کوند کرنکل جاتی ہے اس پرفرمایا کہ جب آدمی خلوص س کام کرتا ہے اورطلب صادق ہوتی ہے ضرور نفع ہوتا ہے مگریہ بات لوگوں میں رہی ہی نہیں ۔ حق تعالٰی کا اپنے کام میں لگانا بڑی نعمت ہے : (ملفوظ 210) ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ حق تعالیٰ جس کو بھی اپنے کام میں لگالیں اور توفیق عطاء فرمادیں بڑی ہی دولت ہے بڑی ہی نعمت ہے ایسا شخص دنیا کی طرف متوجہ ہونہیں سکتا اورایک وقت میں دوطرفہ توجہ ہوبھی کب سکتی ہے یہ ہی وجہ ہے کہ یہ لوگ اور کاموں کے نہیں رہتے اسی وجہ سے ان کولوگ دیوانہ سمجھتے ہیں دیوانہ تو ضرور ہیں مگر یہ بھی معلوم ہے کہ کس کے دیوانہ ہیں اس دیوانگی کو فرماتےہیں مااگر قلاش وگردیوانہ ایم مست آں ساقی وآں پیمانہ ایم ( ہم اگرچہ مفلس اور دیوانے ہیں ، مگراس ساقی اورپیمانے کے مست ہیں )