ملفوظات حکیم الامت جلد 4 - یونیکوڈ |
نفس کے حقوق : (ملفوظ 251) ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ نفس کے بھی حقوق ہیں ایک صاحب مجھ سے کہنے لگے کہ تم بہت ہی اپنے نفس کی رعایت کرتے ہو میں نے کہا کہ یہ صغریٰ ہے اور کبرٰی کیا ہے کہ نفس کی رعایت جائز نہیں اگرقوی کی رعایت وحفاظت نہ کی جاتی تو اتنا کام تھوڑا ہی ہوسکتا تھا ۔ عمدہ غذائیں کھانے کی نیت : (ملفوظ 252) ایک صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ اچھی عمدہ اورمقوی غذائیں کھانا چاہئے اور خوب کام کرنا چاہئے ہمارے حضرت حاجی صاحب رحمتہ اللہ علیہ فرمایا کرتے تھے کہ چار انگشت حریر کو جوجائز فرمایا گیا ہے اس میں بھی فقہاء نے یہی حکمت لکھی ہے جیسا بدایہ میں مذکور ہے لیکون انمرذجامن حریر الجنۃ یعنی اس کو دیکھ کرنعمائیے جنت کے نمونہ کا مشاہدہ اور اس سے رغبت ہوپھر اس رغبت سے اعمال صالحہ کی توفیق ہوگی حضرت حاجی صاحب رحمہ اللہ کا یہ ارشاد کیسا علم عظیم ہے حضرت کی اور بھی بڑی حکیمانہ باتیں ہوئی تھیں چنانچہ ایک بات فرمایا کرتے تھے کہ جوچیز کسی کے پاس حب فی اللہ کے تعلق سے آئی ہو اس میں سے ضرور کھانا چاہئے اس میں نور ہوتا ہے یہ ہیں علوم حقیقی جوان حضرات کو عطاء ہوتے ہیں اس لئے کہ ارشاد خلق ان کے سٌپرد ہوتا ہے اس کے لیے ان علوم کی ضرور ہے اور یہ بات حضرت میں خاص درجہ میں ممتاز تھی دوسرے مشائخ معاصرین سے جس پرحضرت مولانا محمد قاسم صاحب رحمہ اللہ جسے قتل یہ کہا کرتے تھے کہ میں حضرت حاجی صاحب کا معتقد علم کی وجہ سے ہوں واقعی حضرت حاجی صاحب رحمہ اللہ کی شان ہی جدا تھی ۔ آفا قہا گرویدہ ام مہربتاں ورزیدہ ام بسیارخوباں دیدہ ام لیکن تو چیزے دیگری ( تمام جہان چھان ڈالے بہت محبوبوں سے محبت کرکے آزمایا ہزاروں حسینوں کودیکھا لیکن تم تو کچھ چیز ہی اورہو ۔ ( جس کا بیان میں لانا ہی مشکل ہے ) ۔12) اور اب تو مشائخ میں علوم اورحقائق کا پتہ بھی نہیں صرف لذائد کے ترک کی ترغیب دی جاتی ہے اور حضرت کے یہاں ان کے اختیار کرنے میں ان کے ترک سے زیادہ نفع ہے جیسے ابھی مفصل بیان ہوا ۔