تبلیغ دین مترجم اردو ( یونیکوڈ ) |
|
کہ تجھ سے زیادہ تیرا خیرخواہ کون ہے تو کسی کے کہنے یا سننے پر نہ جا بلکہ دنیا اور دین دونوں کے انجام اور نتیجہ میں خود غور کر کے جواب دے کہ تیری رغبت کس چیز میں ہے؟ اپنے نفس سے مباحثہ کرنا اہل باطل فرقوں سے مناظرہ کرنے سے بدرجہا زیادہ ضروری ہے: اسی طرح اگر تم اپنے نفس سے مناظرہ اور مباحثہ کرتے رہو گے تو ایک دن یہ نفس تمہارا مطیع بن جائے گا اور تم کو راہ مستقیم پر لے چلے گا پس اگر تم عقل مند ہوتو سمجھ لو کہ یہ نفس کے ساتھ مباحثہ کرنا بدعتوں اور معتزلہ بلکہ دنیا بھر کے تمام مذاہب باطلہ کے ساتھ مناظرہ کرنے کی بہ نسبت زیادہ ضروری اور مہتم بالشان ہے کیونکہ دوسروں کی غلطیاں اور خطائیں تمہیں کچھ بھی نقصان پہنچانے والی نہیں ہیں اور اپنی خطائوں کا ضرر اپنے ہی اوپر وبال ہے کہ اس کا بھگتان تم کو ہی بھگتنا ہے پس پہلو میں بیٹھے ہوئے عدواور خود کے پیاسے دشمن کو سب سے پہلے قتل کرنا چاہیے اور جب اس سے نجات مل کر اطمینان حاصل ہوجائے تب دوسروں کی خبر لینی مناسب ہے تعجب ہے کہ اس دشمن کی جانب کبھی توجہ نہیں ہوئی بلکہ یہ جو کچھ بھی مانگتا ہے وہی اس کو دیا جاتا ہے اور جو بھی حکم دیتا ہے فورا اس کی تعمیل کی جاتی ہے اس کی درخواستوں کے منظور اور خواہشوں کے پورا کرنے میں غوروفکر اور عقل کے گھوڑے دوڑائے جاتے ہیں اور حیلوں اور تدبیروں سے کام لیا جاتا ہے بھلا سوچو تو سہی اگر کوئی شخص اپنے دامن کے نیچے ایک زہریلا کالا سانپ چھپائے بیٹھا ہو جو پھنکار ماررہا ہو اور اس کے ڈسنے اور ہلاک کرنے کی ٹوہ میں لگا ہو مگر یہ شخص اس کی تو پرواہ نہ کرے اور دوسرے شخص کے منہ سے مکھیاں اڑانے او ر پنکھا جھلنے میں مشغول رہے تو اس سے زیادہ احمق اور بے وقوف کون ہوسکتا ہے؟ یہی حال ہے کہ دوسروں کے ساتھ مباحثہ کرنے اور غیروں کے سیدھے راستہ پر لانے کی فکر میں سرگرم ہو مگر اپنے نفس امارہ کے ساتھ مناظرہ کرنے اور اس تباہ کرنے والے شریر دشمن دین و ایمان کو زیر کرنے کی جانب مطلق توجہ نہیں کرتے۔