تبلیغ دین مترجم اردو ( یونیکوڈ ) |
|
توبہ کا بیان توبہ سے اللہ تعالیٰ کی خوشی کااندازہ: اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ ''مسلمانو! تم سب اللہ کی طرف رجوع کرو بے شک وہ توبہ کرنے والوں سے محبت کرتاہے'' اور جناب رسول مقبول aفرماتے ہیں''جس نے گناہ کے بعد توبہ کر لی وہ گویا بے گناہ ہوگیا'' اللہ تعالیٰ کو بندہ کی توبہ سے جتنی خوشی ہوتی ہے اس کا اندازہ اس سے کرو کہ مثلا اگر کوئی شخص کسی بے آب و گیاہ اور وہشت ناک جنگل میں پہنچ جائے اور اس کی سواری مع توشہ کے جو اس پر رکھا ہوا تھا گم ہوجائے کہ وہ اس کو ڈھونڈتا ڈھونڈتا تھک جائے اور اس وجہ سے کہ سواری کے بغیر نہ جنگل میں سے باہر نکل سکتا ہے اور نہ توشہ کے بغیر فاقہ کی موت سے جان بچا سکتا ہے زندگی سے مایوس ہو جائے کہ نہ پیدل چلنے کی طاقت ہے اور نہ وہاں آب و دانہ میسر آنے کی امید ہے اس لئے مایوس ہو کر کسی درخت کے نیچے آلیٹے اور اپنے ہاتھ پر سر رکھ کر اس فکر میں ڈوبا ہوا سو جائے کہ اب موت آیا چاہتی ہے اور پھر دفعتا اس کی آنکھ کھل جائے اور وہ دیکھے کہ اس کی کھوئی ہوئی سواری اس کے پاس کھڑی ہے اور کھانے پینے کا سامان جو اس پر لدا ہوا تھا وہ بجنسہ موجود ہے تو اس کو ایسی حالت میں اپنی زندگی سے ناامید ہونے کے بعد سرمایۂ حیات ہاتھ لگنے کی وجہ سے جتنی خوشی دفعتاً حاصل ہوگی اس سے زیادہ اللہ تعالیٰ کو اس وقت خوشی ہوتی ہے جب کہ بندہ اس کی جانب رجوع کرتا اور اپنے گناہ سے توبہ کرتا ہے۔