تبلیغ دین مترجم اردو ( یونیکوڈ ) |
|
حب ِ مدح کا علاج: خوب سمجھ لو کہ اس حب ِ مدح نے لوگوں کو برباد کر دیا اسی کی بدولت ریاء اور طرح طرح کی معصیت میں مبتلاء ہوگئے پس اس کا علاج کرنا چاہئے۔ غور کرو کہ تعریف کرنے والا کس بات کی تعریف کرتا ہے اگرتمہارے مال اور عزت کی تعریف کررہا ہے تو سمجھو کہ یہ تو کوئی کمال کی چیز نہیں ہے مسرت تو حقیقی کمال یعنی معرفت الٰہی کے حصول پر ہونی چاہئے اور وہی کمال تورونے کا مقام ہے نہ کہ مسرت کااور اگر تمہارے زہد اور اتقاء کی تعریف ہے تو اس کی دو صورتیں ہیں یعنی یا تو یہ کہ درحقیقت تم زاہد اور متقی ہو اور تمہاری تعریف اس بارے میں سچی ہورہی ہے اور یا محض تمہیں خوش کرنے کے لئے تمہاری جھوٹی تعریفیں کی جارہی ہیں پس اگر سچی تعریف ہے تو اس کا علاج اس طرح کرو کہ دل میں سوچو اور غور کرو کہ ان باتوں کااپنے اندرآجانا اور حق تعالیٰ کا قبول فرمالینا خوشی کی بات ہے نہ کہ دوسروں کا بیان کرنا کیونکہ لوگوں کے اظہار کو قبولیت اور قرب الٰہی میں کچھ دخل نہیں ہے اور اگر زہد و اتقاء کی تعریف جھوٹی ہورہی ہے تب تو خوش ہونا کھلی حماقت ہے کیونکہ اس کی مثال تو ایسی ہوئی کہ کوئی شخص تمہاری تعریف کرنے لگے کہ آپ کی آنتوں اور معدہ سے عطر کی خوشبو آرہی ہے حالانکہ تم واقف ہو کہ اس میں تو نجاست اور فضلہ بھرا ہوا ہے اور پھر اس بے جامدح اور بے موقع بلکہ صریح جھوٹی تعریف پر خوش ہونے لگے تم ہی بتائو کہ اس سے زیادہ بیوقوفی کیا ہو گی۔ اور جاہ شہرت کا علاج ہم اوپر بیان کر چکے ہیں اس پر عمل کرنے سے امید ہے کہ حب مدح کی جڑ جاتی رہے گی۔ فائدہ: بڑائی یاکسی مرتبے کو طلب کرنا۔خودان چیزوں کی طلب نہ ہو،اﷲتعالیٰ عطاء فرما دیں تو اس کو اﷲتعالیٰ کا انعام سمجھے۔ از بندہ محمد حسن عفی عنہ DDD