تبلیغ دین مترجم اردو ( یونیکوڈ ) |
|
اے نفس! تو بیمار ہے اور عمر تیری پرہیز کا زمانہ ہے اور روحانی حاذق طبیب یعنی پیغمبرa نے جن کی راستی و سچائی سے تو بھی آگاہ ہے یوں فرمایا ہے کہ ذائقہ اور لذتیں تجھ کو مضر ہیں اور کڑوی دوائیںتیرے لئے نافع اور مفید ہیں کیا تجھ سے سفرکی مصیبتیں اس امید پر برداشت نہیں ہوسکتیں کہ منزل پر پہنچ کر آرام نصیب ہوگا پس اگر راستہ کی تکلیف سے اکتاتا ہے تو یادرکھ کہ قافلہ نکل جائے گا اور تو جنگل میں پڑارہ جائے گا کہ یا تو کوئی درندہ تجھ کو پھاڑ کھائیگا یا یوں ہی بھٹکتا ہوا ہلاک ہوجائے گا۔ اے نفس! بتاتوسہی کہ تجھے دنیا میں کس چیز سے رغبت ہے پس اگر تو مال چاہتا ہے تو مان لے کہ اچھا وہ مل بھی گیا اور تو بڑا مالدار اور متمول سیٹھ بن گیا مگر پھر کیا اگر تو نظر اٹھا کر دیکھے گا تو بہتیرے یہودی اور عیسائی ایسے ملیں گے جن کے پاس تجھ سے زیادہ مال موجود ہوگا اور اگر عزت اور جاہ کا طلب گار ہے تو اچھا فرض کر لے کہ یہ طلب اپنے ٹھکانے لگی اور تجھے عزت و جاہ حاصل بھی ہوئی مگر اس کا انجام اور حاصل کیا ہے اگر آنکھیں کھول کر دیکھے گا تو سینکڑوں احمق اور جاہل کافر اور اللہ کے نافرمان اور ذلیل اور کمینے بندوں کو ایسے حال میں دیکھے گا کہ ان کی عزت دنیا میں تجھ سے بھی زیادہ ہورہی ہے ان میں بہتیرے لوگ ایسے منصب حکومت اور مسند جلال وسطوت(دبدبہ) پر بیٹھے نظر آئیں گے تو تجھ کو بھی قید کر کے جیل خانے پہنچاسکتے ہیں پس اے نفس اگر تو ان آفتوں اور مصیبتوں سے نہیں گھبراتا جو عزت و جاہ کے حاصل کرنے میں اٹھانی پڑتی ہیں اور ان بلائوں سے بھی نہیں ڈرتا جو عزت حاصل ہوئے پیچھے سرپر پڑاکرتی ہیں تو ان ذلیل اور کمینے شریکوں ہی کا خیال کر کہ کیسے کمتر لوگوں کا ساجھی ہونا چاہتا ہے کیا ایسی بے وقعت اور حقیر چیز بھی حاصل کرنے کے قابل ہے جس کو ہر خسیس سے خسیس اور رزیل سے رزیل شخص بھی حاصل کرسکتا ہے بلکہ حاصل کئے ہوئے اور اتنی مقدار حاصل کئے ہوئے ہے کہ اگر تو پچاس برس بھی کوشش کرے گا تو تجھ کو نصیب نہ ہوگا اور اے نفس اگر تو دنیا سے اعراض کر کے آخرت کی جانب متوجہ ہوگا تو یادرکھ کہ یگانہ روزگار اور یکتائے زمانہ بن جائے گا تیرا ثانی ہفت اقلیم میںبھی نہ مل سکے گا پس اے نفس اب تو ہی بتا کہ کیا چیز حاصل کرنے کے قابل ہے اے نفس خوب یادرکھ