تبلیغ دین مترجم اردو ( یونیکوڈ ) |
|
چاہوں تو تجارت میں نفع اٹھاؤں اگر اللہ تعالیٰ مجھے دنیا سے اٹھالیتا تو میں خواہش کرتا کہ کاش! میں دنیا میں لوٹادیا جائوں اور ایک دن مجھے نصیب ہوجائے کہ کوئی نیک عمل کرلوں۔ اے نفس! وہ دن آج کا ہے جو تجھ کو اللہ کی طرف سے مہلت کا عطا ہوا ہے اب تو اپنا وعدہ پورا کر اور دیکھ کہ کیا کررہا ہے اگر اس مہلت کو تو نے غنیمت سمجھا اور آج کا کام کل پر نہ رکھا تو آج کی تجارت کا منافع تجھ کو مل گیا اور حسرت نہ ہوئی اور اگر تو کل بھی زندہ رہے تو پھر یہی خیال کر۔ غرض جب تک زندہ ہے اس وقت تک ہر دن کو نیا سمجھ اور اللہ تعالیٰ کے عفو سے دھوکہ مت کھا کیونکہ یہ تیرا گمان ہی گمان ہے ممکن ہے کہ غلط نکلے اللہ تعالیٰ کی معافی کچھ ضروری یا تیرا قرض نہیں ہے جس کا مطالبہ اور ایفاء واداء لازمی ہو اگر معافی ہوئی تب بھی نیکوکار بندوں کے ثواب سے تو محروم ہی رہے گا اورمرے پیچھے اگر حسرت کرے گا تو اس سے کیا نفع ہو گا جو کچھ ہونا تھا وہ ہو چکا ہے۔ گیا وقت پھر ہاتھ آتا نہیں ایک ایک سانس غنیمت اور بے بہا موتی ہے: اگر اس کے بعد نفس پوچھے کہ اچھا بتائو کیا عمل کروں اور کیونکر وقت کی قدر کروں تو اس کو جواب دے کہ جو چیز جدا ہونے والی ہے اس کو چھوڑ دے اور جو شئے پائیدار ہے اور کسی وقت بھی تیرا ساتھ نہ چھوڑ گی اس پر قبضہ کر یعنی اللہ جل شانہ کی معرفت حاصل کراور اللہ تعالیٰ کی یاد سے مانوس ہو۔ پھر اگر نفس کہے کہ بھلا دنیا کس طرح چھوٹ سکتی ہے اس کے علاقے تو قلب میں مضبوط اور مستحکم ہوگئے اور ان کا ٹوٹنا دشوار ہے تو اس کو جواب دے کہ قلب ہی کے اندر سے دنیا کے علاقے کاٹ دے اور تلاش کر کہ دنیا کا کون سا علاقہ مستحکم ہے پس اس کی اول جڑ کاٹ یعنی اگر مال کی محبت زیادہ ہے تو اس کو نکال اور جاہ کی طلب قوی ہے تو اس کو چھوڑ۔ دسیوں مہلک امراض کی تشریح اور علاج بیان ہو چکا ہے ان کو دیکھ اور اللہ کے فضل و کرم پر بھروسہ رکھ کرمستعد ہو جا، کمر باندھ آمادہ ہواور جس چیز کی نفس کو خواہش ہو اس کے خلاف کر پھر دیکھ کہ خلاصی ملتی ہے یا نہیں؟