تبلیغ دین مترجم اردو ( یونیکوڈ ) |
|
دنیا کی محبت کا بیان: دنیا صرف مال و جاہ ہی کی محبت کا نام نہیں بلکہ موت سے پہلے جس حالت میں بھی تم ہو وہ سب دنیا ہے اور دنیا کی محبت تمام گناہوں کی جڑ ہے۔ حب ِ دنیا کی ماہیت: دنیا کے تمام جھگڑوں'بکھیڑوں اور مخلوقات اور موجودہ چیزوں کے ساتھ تعلق رکھنے کا نام دنیا کی محبت ہے البتہ علم و معرفت الٰہی اور نیک کام جن کا ثمرہ مرنے کے بعد ملنے والا ہے ان کا وقوع اگرچہ دنیا میں ہوتا ہے مگر درحقیقت وہ دنیا سے مستثنیٰ ہیں اور ان کی محبت دنیا کی محبت نہیں بلکہ آخرت کی محبت ہے حق تعالیٰ فرماتا ہے کہ ہم نے دنیا کی تمام چیزوں کو زمین کی زینت کا سامان بنایا ہے تاکہ لوگوں کو آزمائیں کہ کون ان پر فریفتہ ہو کر آخرت ضائع کرتا ہے اور کون بقدر ضرورت سفر کا توشہ سمجھ کر اپنی آخرت سنوارتا ہے۔ ہوائے نفس اشیاء دنیا کی محبت کا نام ہے: یادرکھو کہ آدمی کو جاہ ومال کے علاوہ زمین کی بھی محبت ہواکرتی ہے مثلا مکان بنانے یاکھیتی کرے۔ نباتات(زمین سے اگنے والی چیز) کی بھی ہوتی ہے مثلا جڑی بوٹی ہو کہ اس کو دوائوں میں استعمال کرے یا ترکاری و دیگر پیداوار یا پھل پھول ہو کہ اس کو کھائے اور مزہ اڑائے اور معدنیات(زمین کی کان سے نکلنے والی دھات) کی بھی محبت ہوتی ہے۔ مثلا برتن اور اوزار بنائے یا زیور بنوا کر پہنے یا نقد جمع کرے حیوانات کی بھی محبت ہوتی ہے مثلا شکار کرے اور کھائے یا ان پر سواری کرے اور اپنی زینت بڑھائے اور آدمیوں کی بھی محبت ہوتی ہے مثلا یہ کہ عورتوں کو منکوحہ اور خادمہ بنائے اور یا مردوں کوغلام اور نوکر و خدمت گار بنائے۔