گلدستہ سنت جلد نمبر 2 |
پیش لفظ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: وَمَنْ یُّطِعِ اللہَ وَرَسُوْلَہٗ فَقَدْ فَازَ فَوْزًا عَظِیْمًا (سورۃ الأحزاب: 71) اور جو اللہ اور اس کے رسول (علیہ السلام) کی اطاعت کرے گا سو وہ بڑی کامیابی کو پہنچے گا۔ (ترجمہ از بیان القرآن) آج کے مادہ پرستی کے دور میں جہاں ہر سو چکا چوند ترقی کا چرچا ہے تو دوسری طرف انسانی بے بسی اور بے حسی کی مثالیں بھی بر زبانِ عام ہیں۔ اگر ظاہر کی دنیا میں روشنی ہے تو مَن کی دنیا میں تاریکیاں ہی تاریکیاں ہیں۔ اگر تیز رفتار گاڑیوں نے ، ہوائی جہاز نے، راکٹوں نے انسان کے لیے چاند پر پہنچنا آسان کر دیا ہے تو دل کی اندھیر نگری نے دو قدم کے فاصلے پر آدمی کے ماں باپ اور عزیز واقارب سے ملنا مشکل کر دیا ہے۔ چہرے کی رونق اور خوش نمائی کے لیے تو نت نئے پوڈر اور غازے مارکیٹوں میں مہنگے داموں بھی خرید لیے جاتے ہیں، مگر چہرے کے نور کو اللہ کریم سے مفت لینے میں بھی ہچکچاہٹ ہوتی ہے۔ ہزاروں روپے کے سوٹ پہن کر بھی بے لباس ہیں اور چہرے پر مسکراہٹ سجائی ہوئی ہے جب کہ سرورِ کائنات، سرکارِ دو عالم محمد مصطفی ﷺ کا سا لباس جس میں نورانیت ہی