گلدستہ سنت جلد نمبر 2 |
|
تو لباس ہم شہرت کی نیت سے نہ پہنیں۔لباس پہننے میں نیت کیا ہو ؟ اللہ کا انعام ہے۔ انعام سمجھ کر پہنیں، قدر دانی کے ساتھ پہنیں۔ شہرت کا مطلب یہ ہے کہ کوئی اچھا یا امتیازی لباس اس لیے پہنیں کہ لوگوں میں اس کا چرچا ہو، لوگ اس کے پاس آئیں تعریف کریں کہ واہ بھئی! کیا لباس تم نے پہنا ہے! کہاں سے سلوایا؟ یہ نیٹ تم نے کہاں سے خریدی؟ یہ تم نے کٹنگ کہاں سے کروائی؟ یہ تم نے کیا کروایا؟ یہ بیماری عورتوں کے اندر ہوتی ہے اور آج مردوں کے اندر بھی آگئی ہے۔ تو جو اس نیت سے پہنے گا؟تو قیامت کے دن ذلت اور رسوائی اور اللہ کی ناراضگی کا باعث ہوگا۔پہلی نیت : لہذا لباس میں پہلی نیت یہ ہو کہ اللہ تعالیٰ نے ستر کو چھپانے کا حکم دیا۔ میں یہ لباس اسی لیے پہن رہا ہوں کہ میرا ستر چھپ جائے، پہلی نیت تو ہم یہ کریں۔دوسری نیت : دوسری نیت یہ کریں کہ اللہ تعالیٰ خوبصورت ہیں اور خوبصورتی کو پسند فرماتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کیا ہیں؟ اِنَّ اللہَ تَعَالیٰ جَمِیْلٌ یُّحِبُّ الْجَمَالَ (صحیح مسلم) ’’اللہ تعالیٰ بہت خوبصورت ہیں اور خوبصورتی کو پسند فرماتے ہیں‘‘۔ اگر خوبصورت لباس پہننا ہو، بڑھیا لباس پہننا ہو تو کیا نیت کریں؟ اللہ خوبصورت ہیں اور خوبصورتی کو پسند فرماتے ہیں، تو اللہ! میں یہ خوبصورت لباس تیرے لیے پہنتا ہوں۔ (شمائل کبریٰ1جلد 189)