گلدستہ سنت جلد نمبر 2 |
|
آپﷺکا عصا مبارک : چوں کہ ہماری ساری گفتگو سنت اعمال کے متعلق ہے اور مختلف موضوعات پر بات ہوچکی ہے الحمدللہ۔ آج ان شاء اللہ بات ہوگی عصا کے متعلق۔ آپﷺ عصا کا استعمال فرمایا کرتے تھے۔ جس کو ہم چھڑی یا لاٹھی کہہ دیتے ہیں عربی میں اس کو عصا کہا گیا ہے۔ حضرت عبداللہ بن عباسh سے روایت ہے کہ آپﷺ عصا استعمال فرمایا کرتے تھے۔ (سبل الہدٰی جلد7صفحہ589) حضرت براء بن عازبh فرماتے ہیں کہ ایک شخص نبیd کی خدمت میں حاضر ہوا اور اس کے ہاتھ میں سونے کی انگوٹھی تھی تو آپﷺ نے اپنا عصا اس کی انگوٹھی کے اوپر مارا۔ (سبل الہدٰی جلد7صفحہ587) تنبیہ کے لیے کہ دیکھو! تو نے کیا پہنا ہوا ہے؟ کیونکہ مردوں کے لیے سونا پہننا حرام ہے۔ اللہ انہیں جنت میں عطا فرمائیں گے۔ دنیا کے اندر مردوں کے لیے سونا پہننا حرام ہے۔حاصلِ حدیث : اس حدیثِ مبارک سے دو باتیں معلوم ہوئیں: ایک تو یہ کہ نبیﷺ عصا استعمال فرماتے تھے۔ اور دوسرا یہ معلوم ہوا کہ اگر سامنے کوئی مرید ہے یا شاگرد ہے، اولاد ہے، ایسا موقع ہے کہ انسان تنبیہ کرے کہ سمجھ جائے گا تو تنبیہ کرنا بھی چاہیے۔ اس کو سمجھانا بھی چاہیے کہ دیکھو! یہ کام غلط کررہے ہو ایسا نہ کرو۔ تو جو بڑے ہیں اُن کو چاہیے کہ حکمت اور بصیرت کے ساتھ موقع محل کو دیکھتے ہوئے امر بالمعروف والنہی عن المنکر کرتے رہیں۔