تحفہ حرمین شریفین - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
مسئلہ :ایک عمرہ مکمل نہ ہو پھر اسی کے اوپر دوسرے عمرہ کی نیت کرلینا اور احرام باندھنا ممنوع ہے ۔ حالتِ احرام میں شوہر سے دل لگی کرنا اگر کسی عورت نے حالتِ احرام میں مقدماتِ جماع کو اختیار کیا، مثلاً شوہر سے مباشرتِ فاحشہ کی، بوسہ لیا، یا شہوت کے ساتھ چھولیا، تو ایسی صورتوںمیں چاہے انزال ہوا ہو یا نہ ہوا ہو، بہرصورت اس پر دم واجب ہوگا، لیکن دواعیٔ جماع سے حج فاسد نہیں ہوتا لیکن حالتِ احرام میں یہ سب کام ممنوع ہیں ۔ (مناسک ملا علی قاری/۳۳۵، غنیۃ الناسک /۲۶۸) متفرق مسائل سوال : کیا خواتین حمل کی حالت میں حج کرسکتی ہیں ؟ جواب: خواتین حمل کی حالت میں حج کرسکتی ہیں ۔بلکہ اگر حج فرض ہے (فرض ہونے کی تفصیل گزر چکی ہے) تو حج کرنا اسی سال ضروری ہے بلاعذرتاخیر (لیٹ) کرنا گنا ہ ہے۔کیونکہ حج فرض ہو نے کے بعد علی الفوراسی سال ادا کرنا واجب ہے اگر حاملہ کی حالت نازک ہے اور مسلمان طبیب اس کو حج کا سفر کرنے کی اجازت نہیں دے رہا ہے تو یہ عذر کی حالت ہے اس کا حکم الگ ہے۔ سوال: کیا حاملہ کے پیٹ میں جوبچہ یا بچی ہے اس کابھی حج ہوجائے گا ؟ جواب:پیٹ کے بچے کا حج نہیں ہوگا ۔ (آپ کے مسائل ان کا حل ج۴/۳۴) سوال: کیا خواتین کو مردکی طرف سے یا خواتین کی طرف سے حج (بدل) کرنا جائزہے ؟