خزائن معرفت و محبت |
ہم نوٹ : |
|
اس کتاب کا تعارف اللہ تعالیٰ نے شیخ العرب والعجم عارف باللہ مجدد زمانہ حضرت اقدس مولانا شاہ حکیم محمد اختر صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی زبانِ مبارک سے قرآن و حدیث اور اپنی معرفت پر مبنی ایسے منفرد اور انوکھے مضامین جاری فرمائے جو بڑے بڑے علماء کو حیرت زدہ کر جاتے اور ان کے منہ سے بے ساختہ یہ جملہ نکلتا کہ ہم نے ایسے علوم نہ کسی کتاب میں پڑھے، نہ کسی کی زبان سے سنے اور نہ ہی ہمارا ذہن کبھی ان کی طرف منتقل ہوا۔ غرض حضرت والا رحمۃ اللہ علیہ کا ایک ایک ملفوظ سالکینِ طریق کے لیے علوم ومعارف کا خزینہ اور اللہ تعالیٰ کی محبت کا گنجینہ ہے اور مایوس و ناامید لوگوں کے لیے آس اور اُمیدوں کے بے شمار راستوں کی مشعلِ راہ ہے جس کی روشنی میں مایوسی اور ناامیدی کے اندھیروں کا نام ونشان بھی نہیں رہتا۔ زیر نظر کتاب ’’خزائنِ معرفت و محبت‘‘ حضرت والا رحمۃ اللہ علیہ کے ان ہی الہامی مضامین پر مشتمل ایک عظیم الشان اور بیش قیمت مجموعہ ہے جو شریعت اور تصوف کے علوم و معارف کا حامل ہونے کے ساتھ ساتھ حضرت والا رحمۃ اللہ علیہ کے آتشِ دردِ محبت کا غمّاز بھی ہے۔ ان علوم نے اللہ کے عاشقوں کے سینوں میں عشقِ الٰہی کی آگ لگاکر گناہوں کے جنگل کو جلا کر راکھ کر دیا اور اللہ کے ان عاشقوں کو واصل باللہ کردیا۔