خزائن معرفت و محبت |
ہم نوٹ : |
|
جن کی عقل کم ہوتی ہے وہ زیادہ جلد لڑجاتے ہیں، دیکھو بچوں میں جس کی عقل کم ہوگی وہ زیادہ لڑتا ہے اور روح المعانی میں یہ روایت موجود ہے کہ حضور صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم فرماتے ہیں کہ عورتوں کا مزاج ایسا ہے کہ یَغْلِبْنَ کَرِیْمًا کریم شوہر جو انتقام نہیں لیتے، ڈنڈے نہیں مارتے بلکہ ڈنڈے کی جگہ انڈے کھلاتے ہیں تو ایسے شوہروں پر بیویاں غالب آجاتی ہیں،جانتی ہیں کہ یہ بدلہ نہیں لے گا، ڈنڈے نہیں مارے گا، گالی نہیں دے گا، اسی لیے کریم شوہر سے زور زور سے بولتی ہیں کہ ارے! میں نے تم سے کہا تھا کہ ایسا کپڑا لانا تم چیتھڑے لے آئے، میں نے اچھی چپل کے لیے کہا تھا تم لیتھڑے اٹھا لائے اور میں نے کہا تھا چائے کی اچھی پیالیاں لے آنا تم ٹھیکرے لے آئے اور وہ بے چارہ مسکرا کر رہ جاتا ہے اور بولتاکچھ نہیں: یَغْلِبْنَ کَرِیْمًا وَ یَغْلِبُھُنَّ لَئِیْمٌ؎ یہ حضور صلی اﷲ علیہ وسلم کے الفاظِ نبوت ہیں،تفسیر روح المعانی کے اندر دیکھ لو، میں نے اپنی کتاب’’ کشکولِ معرفت‘‘ کے اندر اس کا حوالہ بھی لکھ دیا ہے۔شوہر کو ناز دِکھانا عورت کا حق ہے تو نیک و لائق شوہر پر عورتیں غالب آجاتی ہیں، زبان سے تیز بولتی ہیں اورکمینے و مسٹنڈے لوگ ڈنڈے مار مار کر ان پر غالب آجاتے ہیں، سمجھتے ہیں کہ یہ کمزور ہیں، ان کا بھائی باپ تو پاس ہے نہیں لہٰذا ایک لات اور دو گھونسے مار دیے، اب ایسے شوہر کو مارے ڈر کے وہ کبھی ناز بھی نہیں دِکھاتیں حالاں کہ اپنے شوہر کو ناز دِکھانا ان کا شرعی حق ہے۔ حضور صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم فرماتے ہیں کہ اے عائشہ! جب تو ناراض ہوتی ہے تو مجھے پتا چل جاتاہے، معلوم ہوا عورتوں کو تھوڑا روٹھنے کا، تھوڑا ناراض ہونے کا حق حاصل ہے لیکن آپ کو انہیں جوتا مارنے کی اجازت نہیں ہے، ان کے ناز برداشت کرو، ------------------------------