گر تجھ کو خوش کروں تو وہ رب العالمیں
ناراض ہوگا مجھ سے مجھے اس کا ہے یقیں
اور ہاں چھٹا وہ شخص جو صدقہ کرے اگر
دے دائیں ہاتھ سے تو نہ ہو بائیں کو خبر
خیرات دے کے سب کو سناتا نہیں پھرے
نیکی اگر کرے تو جتاتا نہیں پھرے
گر تذکرہ چھڑے بھی کہیں ہنس کے ٹال دے
نیکی کرے تو سچ ہے کہ دریا میں ڈال دے
اور ساتواں وہ شخص جو تنہائی میں کبھی
اپنے خدا کو یاد کرے اور اس گھڑی
اس مردِ حق کی آنکھ سے آنسو نکل پڑے
سینے سے اس کے اشک کا دریا ابل پڑے
یا خوف سے خدا کے وہ ہوجائے اشکبار
پچھلے گناہ سوچ کے روتا ہو زار زار
اس کے لئے بھی عرش کے سائے کی ہے خبر
مخبر ہیں کون صادقِ کل سیدالبشر ﷺ
یہ ہیں وہ خوش نصیب وہ محبوبِ کردگار
اللہ کرے کہ ان میں ہمارا بھی ہو شمار