گونشیند باحضور اولیاء
جس کو یہ آرزو ہو کہ بیٹھے خدا کے ساتھ
اس کو یہ چاہیئے کہ رہے اولیاء کے ساتھ
کھاتا ہے زہر بھی وہ مقوی غذا کے ساتھ
عادی ہے جو گناہ کا ذکرِ خدا کے ساتھ
اصحاب کو نجومِ ہدایت کہیں نہ کیوں
گزری جب ان کی زندگی شمس الضحیٰ ﷺ کے ساتھ
دی نسبتِ اویسؒ کی سرکار ﷺ نے خبر
خوشبو یمن سے آئی جو بادِ صبا کے ساتھ
صدیق کے جو ساتھی ہیں اقطاب کیوں نہ ہوں
اصحاب بنتے ہیں جو رہیں انبیاء کے ساتھ
ہیں مرتبے میں درجۂ احساں سے بھی بلند
ہر حال میں جو رہتے ہیں صبر و رضا کے ساتھ
ہرجائیت کے زہر کا تریاق ہے یہی
کچھ دن تو رہ کے دیکھ لو اہلِ وفا کے ساتھ