مسائلِ تصوف
ملی اللہ والوں کی جنہیں صحبت نہیں ہوتی
تو ایسے عالموں کے علم میں برکت نہیں ہوتی
محبت کرکے بھی وہ فیض سے محروم رہتا ہے
وہ جس کے دل میں اپنے شیخ کی عظمت نہیں ہوتی
معاصی میں پریشانی بھی ذلت بھی مشقت بھی
مگر تقویٰ سے رہنے میں کوئی محنت نہیں ہوتی
خدائے پاک پھر کیوں حکم دیتا ہم کو تقویٰ کا
اگر ترکِ معاصی پر ہمیں قدرت نہیں ہوتی
بھلا وہ کیا اٹھائے گا عَلَم دینِ محمد ﷺ کا
کہ جس سے فجر میں اٹھنے کی بھی زحمت نہیں ہوتی
جسے قربِ خداوندی کی لذت ہوگئی حاصل
اُسے ترکِ معاصی پر کبھی حسرت نہیں ہوتی
اگر اللہ کی کامل محبت پاگیا ہوتا
تو نافرمانیوں کی پھر کبھی جرأت نہیں ہوتی
کسی صورت نے کرلی ہے ترے دل میں جگہ شاید
جبھی تسکینِ دل حاصل کسی صورت نہیں ہوتی