دنیا میں جنتی
ہم ان سے مل کے اک ایسی خوشی محسوس کرتے ہیں
کہ اس دنیا میں خود کو جنتی محسوس کرتے ہیں
نہیں ہوتے ہیں اس گلشن میں وہ جانِ بہاراں جب
ہم اپنے صحنِ دل میں بے کلی محسوس کرتے ہیں
وہاں پر اہلِ دل کا دل مکدر ہونے لگتا ہے
گناہوں کی جہاں آلودگی محسوس کرتے ہیں
یقینا ان کا دل بھی کچھ نہ کچھ اللہ والا ہے
جو اہلُ اللہ سے مل کر خوشی محسوس کرتے ہیں
جو تائب ہوگئے ہیں مردہ لاشوں کی محبت سے
وہ اپنی زندگی میں زندگی محسوس کرتے ہیں
اثرؔ جو ڈھالتے ہیں سانچۂ سنت میں ظاہر کو
وہی دراصل کیفِ باطنی محسوس کرتے ہیں