رہبرِ کامل کے بارے میں
میں اتنا جانتا ہوں رہبرِ کامل کے بارے میں
کہ اہلِ کارواں ہیں مطمئن منزل کے بارے میں
بصیرت اہلِ دل کو خالقِ دل ایسی دیتا ہے
بتا دیتے ہیں چہرہ دیکھ کر وہ دل کے بارے میں
ہمارے فکر کی پرواز وقفِ دفترِ دنیا
نہیں سوچا تو قبر و حشر کی فائل کے بارے میں
سکونِ دل تُو چاہے گر تو ہرگز گفتگو مت کر
کسی رخسار کے رخ پر کسی کے تل کے بارے میں
ذرا خوش رنگ مٹی دیکھی پانی منہ میں بھر آیا
ہماری عقل پر پردہ ہے آب و گل کے بارے میں
بس ایک مشکل کشا سے عرض کردو مدعا اپنا
کسی سے تذکرہ بھی مت کرو مشکل کے بارے میں
اثرؔ گورِ غریباں مجھ کو آئینہ دیکھاتا ہے
میں جب بھی سوچتا ہوں اپنے مستقبل کے بارے میں