ملفوظات حکیم الامت جلد 6 - یونیکوڈ |
|
الا فاضات الیومیۃ من الافادات القومیۃ 14 ربیع الثانی 1351 ھ مجلس خاص بوقت صبح یوم پمجشنبہ ( ملفوظ 1 ) مراۃ المواعظ اور عنوانات التصوف ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ مواعظ کی جو فہرست تیار ہوگئی ( اس کا نام مراۃ المواعظ ہے چھپ گئی ) اس سے بڑی سہولت ہوگئی بڑے کام کی چیز ہے اور اب خیال ہے کہ ایک فہرست مسائل تصوف کی تیار ہوجائے یہ بھی بڑے کام کی چیز ہوجائے گی اس کا کام بھی شروع ہوگیا ہے اس سے یہ بھی معلوم ہوجائیگا کہ قرآن و حدیث سے کس قدر مسائل تصوف کے ثابت ہیں اس لئے بھی یہ بڑے کام کی چیز ہوگی خدا کرے یہ بھی پوری ہوجائے ( چنانچہ بعد میں یہ بھی مکمل ہو کر چھپ گئی عنوانات التصوف اس کا نام ہے ) خدا کا فضل ہے کہ سب کام بقدر ضرورت پورے ہوگئے جی چاہتا ہے کہ اب تصنیف کا کام چھوڑ دوں اس لئے کہ اب متحمل نہیں تکلیف ہوتی ہے مگر کوئی نہ کوئی چیز ایسی سامنے آجاتی ہے کہ اس کی وجہ سے کام کرنا پڑتا ہے گو تعب ہوتا ہے مگر کرتا ہوں - ( ملفوظ 2 ) اکابرین دیوبند کی خیر و برکت ایک سلسہ گفتگو میں فرمایا کہ فلاں مدرسہ میں ایک وقت میں اکابر کی ایسی جماعت تھی کہ ہر قسم کی خیر و برکت موجود تھیں ظاہر کے اعتباع سے بھی اور باطن کے اعتبار سے بھی اس وقت تعمیر اتنی بڑی نہ تھی - کتب خانہ اتنا زبردست نہ تھا آمدنی ایسی زائد نہ تھی جماعت کثیر نہ تھی مگر ایک چیز اتنی بڑی تھی کہ مدرسہ خانقاہ معلوم ہوتا تھا ہر چہار طرف بزرگ ہی بزرگ نظر آتے تھے دور دیوار سے اللہ اللہ کی آوازیں آتی ہوئی معلوم ہوتی تھیں اب سب کچھ ہے اور پہلے سے ہر چیز زائد ہے مگر وہی ایک چیز نہیں جو اس وقت تھی گویا جسد ہے