ملفوظات حکیم الامت جلد 6 - یونیکوڈ |
|
3 جمادی الاولیٰ سنہ 1351 ھ ھجری مجلس خاص بوقت صبح یوم دو شنبہ ( ملفوظ 210 ) ایصال ثواب کوئی نہیں روسکتا ایک صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ ایصال ثواب کو کون منع کرتا ہے البتہ ایصال ثواب کا صیحح طریقہ بتلایا جاتا ہے جس پر غل مچایا جاتا ہے اور علماء حق کو بدنام کیا جاتا ہے کہ یہ ایصال ثواب سے منع کرتے ہیں - اس کی بالکل ایسی مثال ہے جیسے ایک شخص نماز پڑھنے کھڑا ہوا اور پشت قبلہ کی طرف کرلی کسی نے دیکھ کر کہا کہ میاں تمہاری نماز نہ ہوگی اس پر وہ غل مچائے کہ لوگو دیکھو یہ شخص مجھ کو نماز پڑھنے سے منع کرتا ہے بتلایئے تم اس کا کیا فیصلہ کروگے - یہی کہو گے ارے بیوقوف نماز سے منع نہیں کررہا بلکہ نماز کے صیحح ہونیکا طریقہ تجھ کو بتلا رہا ہے - ایسے ہی یہاں سمجھ لو - عرض کیا گیا اگر ایک سورت پڑھ کر کوئی شخص دس آدمیوں کو ثواب بخشے تو کیا ہر مردہ کو پوری پوری سورت کا ثواب ملے گا - فرمایا کہ میری تحقیق یہی ہے کہ ہر مردہ کو پوری پوری سورت کا ثواب ملے گا - میں نے اس کے متعلق ایک مضمون لکھا ہے اس میں ایسی روایتیں جمع کردی گئی ہیں - ( ملفوظ 211 ) جنگل میں رہنے کا منشاء حب جاہ ہے ایک صاحب نے ایک رسمی دکاندار درویش کا ذکر کیا کہ وہ جنگل میں رہتے ہیں اس پر فرمایا کہ جی ہاں یہ بھی آج کل درویشی کے لوازم سے ہوگیا ہے - یہی وجہ ہے کہ آج کل ایسے لوگ بلا کسی مصلحت دینی کے جنگل کی طرف بھاگتے ہیں معلوم نہیں اس میں کیا رکھا ہے کیا آبادی کوئی بھیڑیا یا شیر یے کہ کھا جائیگی یہ سب نفس کے کید ہیں سمجھتے ہیں کہ امتیاز صورت اختیار کرنے سے