ملفوظات حکیم الامت جلد 6 - یونیکوڈ |
|
کرے گا اور اب مستقل مضمون کو اپنے رد میں نہ کہیں گے اس لئے نزاع نہ کریں گے پھر فرمایا کہ آج کل خدا کے گھر کا بالکل احترام نہیں رہا جہاں شرعی سزا دینے کی بھی ممانعت ہے وہاں یہ لوگ جھگڑے فساد حتی کہ قتل خونریزی تک کرنے لگے - ( ملفوظ 92 ) مسجد کا احترام ایک صاحب نے سوال کیا کہ مسجد کے فرش پر محض گذر جانے کی نیت سے آنا جانا اس کا کیا حکم ہے فرمایا فقہا نے مکروہ لکھا ہے اگر کبھی اتفاقا ایسا ہو جائے تو مضائقہ نہیں مگر عادت کرنا برا ہے مسجد کا بہت ہی احترام آیا ہے آج کل لوگوں میں حس نہیں رہا ان باتوں کی قطعا پروا نہیں کرتے - ( ملفوظ 93 ) اہل ولم سے بھی تہذیب کا رخصت ہونا ایک خط کے جواب کے سلسلہ میں فرمایا کہ اگر کوئی شخص خیر خواہی سے تہذیب کے لہجے میں ہماوے خلاف میں بھی کچھ لکھے تو جواب دینے کو جی چاہتا ہے ورنہ معقول تحریر کا جواب دینے کو جی نہیں چاہتا خدا معلوم کیا بات ہے آج کل اہل علم میں سے بھی تہذیب رخصت ہوگئی بعض لوگ نرمی معقول پڑھتے ہیں اس لئے نا معقول رہتے ہیں اور ان انگریزی تعلیم یافتہ طبقے میں تو تہذیب کا نام ونشان بھی نہیں رہا الا ماشاء اللہ ایک ایسے ہی صاحب سے دہلی میں ملاقات ہوئی انہوں نے مجھ سے سوال کیا کہ آپ کے مدرسہ کے طلبہ میں کچھ لیاقت بھی ہوتی ہے میں نے کہا کہ لیاقت کا مفہوم میری سمجھ میں نہیں آیا پہلے لیاقت کا معیار سمجھنا چاہتا ہوں پھر بتلاؤں گا کہ اس قسم کی لیاقت ان میں ہے یا نہیں وہ سمجھ گئے کہ میں ان کو مدعی بنانا چاہتا ہوں پرانے آدمی تھے اور کچھ تہذیب بھی تھی ٹال گئے میں بھی خاموش ہوگیا - خدانخواستہ زک دیتا تھوڑا ہی مقصود تھا -