ملفوظات حکیم الامت جلد 6 - یونیکوڈ |
|
10 جمادیت الاولیٰ 1351 ھ مجلس بعد نماز ظہر یوم دو شنبہ ( ملفوظ 265 ) انسان کی حقیقت ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ انسان اپنی یاس اور ذہن و حافظہ و ایمان اور عمل پر کیا ناز کرے - اس کی ہستی اور وجود ہی کیا ہے یہ جو کچھ بھی سب ان کا فضل اور عطاء اور رحمت ہے بندہ پر کیا تمام نعمتوں سے نواز رکھا ہے کیرانہ کا میرا واقعہ ہے کہ ایک کتاب پڑھنے میں مشغول ہوگیا جس سےعصر کی اذان نہ سنائی دی اور بادل تھا روشنی کا بھی اندازہ نہ ہوا اور اس بناء پر عصر کی نماز کا بھی وقت نکل گیا - مغرب کے وقت اپنے گمان میں عصر سمجھ کر مسجد میں گئے تو آذان ہوتے ہی اور حسب عادت فورا جماعت کھڑی ہوگئی تعجب ہوا کہ کچھ بھی توقف کیا آخر جب امام نے جہر کیا تب معلوم ہوا کہ مغرب کا وقت ہے خود تھانہ بھون ہی کا میرا واقعہ ہے کہ ایک دفعہ رات کے وقت گھر کا راستہ بھول گیا حضرت مولانا محمد یعقوب صاحب رحمتہ اللہ علیہ سے میں خود نے سنا ہے ورنہ یقین بھی نہ آتا فرماتے تھے کہ ایک روز ایک خط کا جواب لکھا اور جب دستخط کرنے لگا اپنا نام بھول گیا یہ حقیقت ہے انسان کی جس پر یہ اسقدر ناذاں ہے - ( ملفوظ 266 ) بصیرت فی العلم کیلئے بزرگوں کی صحبت کی ضرورت ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ بصیرت فی العلم کے لئے کسی بزرگ کی صحبت کی ضرورت ہے یعنی پہلے صحبت ہو اور اس کے بعد علوم حاصل کرے تو بے حد نافع ہے اس کی ایسی مثال ہے جیسے معدہ اگر اپنی اصلی حالت پر نہ پو تو وہ لطیف سے لطیف غذا اور دوسری چیزوں کو باہر پھینک دیتا ہے اس لئے ضرورت ہے کہ پہلے طبیب سے معدہ کی اصلاح کرائے تب غذا کھائے تو نافع ہے -