ملفوظات حکیم الامت جلد 6 - یونیکوڈ |
|
نہ سبم نہ سب بر ستم کہ حدیث خواب گویم چو غلام آفتاہم ہمہ ز آفتاب گویم بیداری کو چھوڑ کر خواب کے پیچھے پڑنا ایسا ہے جیسے کوئی اصل شکار کو چھوڑ کر اس کے سایہ کے پیچھے پڑ جاوے اور یہ سب آخرت سے غفلت اور حقیقت سے بے خبری کی باتیں ہیں ورنہ ان فضولیات میں کیا رکھا ہے کیوں بیکار وقت کھویا جائے - وقت کی قدر کرنا چاہئے اور ضروری کام میں لگنا چاہئے ( ملفوظ 209 ) کثرت مباحات کا نتیجہ ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ کثرت مباحات میں بھی زیادہ انہماک کرنے سے قلب پر کدورت کا اثر ہوتا ہے مثلا ہنسنا ہے اس کی کثرت قلب کو پژ مردہ بنادیتی ہے جیسے ذکر اللہ سے قلب کو طمانیت اور نورانیت حاصل ہوتی ہے جس نے تھوڑا سا بھی خلوت کا ذائقہ چکھ لیا ہوگا وہ اس کو محسوس کرے گا اس کا اثر اس کو ایسا معلوم ہوگا کہ ایک پہاڑ جیسی چیز قلب کے سامنے آڑی ہوئی ہے اور بدون استغفار یہ کیفیت نہ بدلے گی مگر ان باتوں کے احساس کے لئے ضرورت ہے کہ کچھ میسر آچکی ہو ذکر اللہ میں مشغول رہ چکا ہو بددون اس کے پتہ چلنا مشکل ہے - ایسی حالت سے بچنے کی خاص سعی اور کوشش کرتے رہنا چایئے - اس حالت افسردگی کو قبض کہتے ہیں اس میں بہت سے لوگوں نے خود کشی کرلی ہے - سر راہ میں ہزاروں راہزن ہیں بڑی دشوار گزار کھاٹیاں ہیں جن میں ایک یہ شغل فضول بھی ہے - مولانا رومی رحمتہ اللہ علیہ اسی افسردگی کی نسبت فرماتے ہیں - بردل سالک ہزاروں غم بود چوں زباغ دل خلالے کم بود