ملفوظات حکیم الامت جلد 6 - یونیکوڈ |
|
عاقبت سازو ترا از دین بری ایں تن آرائی ویں تن پروری ( ملفوظ 34 ) حکایت منشی امداد علی صاحب مرحوم ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ آدمی کو اول اپنی فکر چاہئے دوسروں کی فکر میں پڑنا اور اپنی خبر نہ لینا بڑے خطرہ کی بات ہے خوب کہا گیا ہے تجھ کو پرائی کیا پڑی اپنی نبیڑ تو - میرے ماموں منشی امداد علی صاحب تھے تو آزاد اور مسلک بھی ہم لوگوں سے کسی قدر مغائر تھا - صاحب سماع بھی تھے اور تصوف میں قدرے غلو بھی تھا مگر بہت باتیں بڑی کام کی ہوتی تھیں - ایک مرتبہ مجھ سے فرمایا تھا کہ بھائی کہیں دوسروں کی جوتیوں کی حفاظت میں اپنی گٹھٹری مت اٹھوا دینا کیسے کام کی بات فرمائی مگر مشرب کے اختلاط سے ان کی صحبت سے مجھ میں ایک خاص سوزش اور شورش پیدا ہوگئی تھی جس کا میں تحمل نہیں کرسکا غیبی امداد نے ایک خاص صورت سے دستگیری فرمائی کہ میں نے حضرت حاجی صاحب رحمتہ اللہ علیہ کو خواب میں دیکھا فرمایا کہ ان کی صحبت میں مت جایا کرو خارش پیدا ہو جائے گی اہل تعبیر کے نزدیک خارش کی تعبیر بدعت ہے پھر میں نے ادب کے ساتھ حاضری ترک کردی - 22 ربیع الثانی 1351 ھ مجلس بعد نماز جمعہ ( ملفوظ 35 ) حلال شی بشرط خلوص قبول ہوتی ہے ایک مولوی صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ حرام چیز اس دربار میں قبول نہیں ہوتی اور حلال چیز بشرط خلوص قبول ہوتی ہے - یہی قربانی کا معاملہ ہے اگر حلال سے کرے گا قبول ہوگی حرام سے کرے گا قبول نہ ہوگی -