ملفوظات حکیم الامت جلد 6 - یونیکوڈ |
|
( ملفوظ 279 ) حب دنیا کی بڑی خرابی ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ اکثر ملانوں کے ذلیل سمجھنے کی وجہ کچھ نہ پوچھو یہ خود بھی ذلیل ہوئے انہوں نے دنیا داروں کی چاپلوسی اور خوشامد میں بھی حد ہی کردی ان لوگوں سے اپنی اغراض کو وابستہ سمجھ کر یہ طرز تملق کا اختیار کیا اس لئے ذلیل ہوئے اب تو ذلیل سے ذلیل آدمی بھی ان کو ذلیل سمجھتے ہیں - یہ تمامتر خرابی حب دنیا کی ہے - ( ملفوظ 280 ) احکام کی چند اقسام ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ احکام کی چند قسمیں ہیں - ایک دیانات جیسے نماز ہے روزہ ہے ذکوٰۃ ہے حج ہے دوسری معاملات جیسے لین دین ہے بیع و شرا ہے اور یہ سب احکام خداوندی ہیں مگر لوگوں نے ان کو فہرست سے نکال ہی دیا حالانکہ جزو دین ہے لیکن اس کی لوگوں کو قطعا پروا ہی نہیں - نہ اس پر عمل ہے نہ اس کا احساس ہے صرف چند چیزوں کا نام دین رکھ لیا ہے کس قدر ظلم کی بات ہے کہ گویا شریعت مقدمہ میں کتر بونت شروع کردی اور یہ سب نیچریت کے غلبہ کا اثر ہے خدا اس کو ناپید کرے اس کی بدولت بڑی گمراہی پھیلی - ( ملفوظ 281 ) انگریزی خواں کثرت سے بد تہذیب ہوتے ہیں ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ انگریزی خواں کثرت سے بد تہذیب ہوتے ہیں - ایک ایسے ہی صاحب مجھ کو لکھتے ہیں کہ فلاں مسئلہ کی اگر اس طرح تحقیق بیان کی جاتی تو بہت زیادہ مناسب تھا - میں نے لکھا کہ اس میں دو ہی صورتیں ہیں یا تو آپ کے نزدیک میں اس تحقیق کو جانتا ہوں یا نہیں جانتا اگر جانتا ہوں تو آپ نے اپنی تحقیق کا اظہار کیوں کیا اور اگر نہیں جانتا تو میں تحقیق ہی کیا بیان کرسکتا ہوں جبکہ جانتا ہی نہیں کیونکہ دوسرے کے مجملا بتلانے سے مہارت و بصیرت نہیں ہوسکتی لہذا جو جانتا ہو اس کے پاس یہ خط بھیجو اس کے بعد