ملفوظات حکیم الامت جلد 6 - یونیکوڈ |
|
( ملفوظ 214 ) بغیر اصلاح انسانیت پیدا نہیں ہوتی ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ بدون اصلاح کے خواہ دوسرے محاسن و فضائل پیدا ہوجاویں مگر آدمیت پیدا ہونا مشکل ہے دیکھئے گھوڑا سب میں شریف جانور ہے لیکن اس کو اگر سدھایا نہ جاوے ہرگز کام نہیں دے سکتا خطرہ ہی رہتا ہے مگر باوجود اس کے اصلاح کی طرف لوگوں کو بالکل توجہ نہیں ہاں ولایت قطبیت غوثیت بزرگی اس کی تلاش ہے - ایک مولوی صاحب گنگوہ سے یہاں پر آئے تھے نیک آدمی ہیں بزرگوں کی حکایت خوب بیان کرتے ہیں مگر اپنے متعلق ان کے یہاں کچھ نہیں اپنے سے بالکل بے فکری حالانکہ انسان کو پہلے اپنی فکر ہونا ضروری ہے لوگوں سے میری یہی لڑائی ہے کہ میں کہتا ہوں کہ دوسروں کی فکر میں ہر وقت پڑے رہتے ہو اپنی فکر کیوں نہیں کرتے اپنے کو تو کامل مکمل سمجھتے ہیں حالانکہ یہ وہ راہ ہے کہ ساری عمر بھی اگر اس میں کھپا دے تب بھی تھوڑا ہے اسی کو مولانا رومی رحمتہ اللہ فرماتے ہیں - اندریں رہ می تراش و می خراش تادم آخر دمے فارغ مباش ( ملفوظ 215 ) درویشی کی کوئی ظاہری صورت نہیں ہوتی ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ آجکل بزرگی اور درویشی چند ممتاز باتوں کا نام رکھ لیا ہے حالانکہ درویشی کی کوئی ظاہری صورت نہیں ہوتی کامل وہی ہے جس کی ظاہری حالت مشابہ ہو - صحابہ رضی اللہ عنہ کو اکثر عوام اس وجہ سے ردویش نہیں سمجھتے کہ ان کی حالت بالکل مشابہ عوام کے ساتھی کامل کبھی کسی امتیاز کا اہتمام نہیں کرتا اور غیر کامل غیر عارف چونکہ کمال سے کورا ہوتا ہے اس لئے امتیازی شان آن بان کا اہتمام کرتا ہے کامل میں تصنع اور بناوٹ کا کیا کام اس کی تو یہ حالت ہوتی جس کو فرماتے ہیں -