خزائن معرفت و محبت |
ہم نوٹ : |
|
وعدہ کرلو، اگر آپ حضرات نے اﷲپر نظر کرکے اپنی بیویوں کے ساتھ اچھے اخلاق سے رہنے کا ارادہ کرلیا کہ میرے اﷲ کی بندی ہے لہٰذا اس کا دل خوش کردوتو اختر کا آناوصول ہو گیا، ان شاء اﷲ۔ اگر میرا یہ وعظ قبول ہوجائے تو میرییہاں تک آنے کی ساری تکلیفیں، سارا کچھ قبول ہوجائے گا، میں سارے عالم میں یہی باتیں پیش کر رہا ہوں کہ ایک تو نظر کی حفاظت کرو، غیر عورتوں کو اور پُرکشش لڑکوں کو مت دیکھو، ایسے آدمی پر اﷲ کی لعنت برستی ہے، نمبر دو کسی پر ظلم نہ کرو، جانور پالو تو اس پر بھی ظلم نہ کرو اور بیویوں کے ساتھ اچھے اخلاق سے پیش آؤ، اﷲ کی کسی مخلوق پر ظلم نہ کرو۔ بس یہ آج کی تقریر کاخلاصہ ہے کہ کسی کا برادری خاندان میں کوئی جھگڑا ہوگیا ہو تو اس کو معاف کردو اور سچے دل سے درگزر کردو۔ بس جتنا بھی عرض کیا گیا ہے اﷲ تعالیٰ اس کو قبول فرمالیں، اس پر عمل کی توفیق عطافرمائیں اور ہم سب کو اﷲ والی زندگی عطا فرمائیں۔ اے اﷲ! ہمیں نفس و شیطان کی غلامی سے نکال کر سوفیصد اپنی فرماں برادری اور اطاعت کی زندگی نصیب فرمادیجیے، ہمارے گناہوں کو معاف کردیجیے۔ یا اﷲ! ہم نے آپ کی کسی مخلوق پر ظلم کیا ہو، کوئی چیونٹی بھی نالائقی اور غفلت کی بنا پر ہم سے کچلی گئی ہو یا بیویوں کوہم نے ستایا ہویا خاندان والوں کو، ماں باپ کو ستایا ہو تو ہماری ان خطاؤں کو معاف فرمادیجیے اور ان میں سے جو لوگ زندہ ہیں ان سے ہمیں معافی مانگنے کی توفیق عطا فرمادیجیے، ہم سب کو اپنے حقوق میں کوتاہی پر بھی معاف کردیجیے اور اپنی مخلوق کے حقوق میں کوتاہی پر بھی معاف کردیجیے۔ یااﷲ! آپ مسافر کی دعاؤں کو قبول فرماتے ہیں، بس ہم سب کو صاحبِ نسبت بنا دیجیے، کسی کو محروم نہ فرمائیے، سب کو اﷲ والا بنادیجیے، جو خواتین یہاں نہیں ہیں ان کو اور ان کے خاندان والوں کو، ہماری بیویوں کو، بچوں کو اے اﷲ!نیک بنادے، ہما ری دنیا بھی بنا دیجیے اور آخرت بھی بنادیجیے، آمین۔ وَصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی خَیْرِخَلْقِہٖ مُحَمَّدٍ وَّعَلٰی اٰلِہٖ وَصَحْبِہٖ اَجْمَعِیْنَ بِرَحْمَتِکَ یَا اَرْحَمَ الرّٰحِمِیْنَ