خزائن معرفت و محبت |
§ہم نوٹ : |
|
دوستو! یہ بہت مہذب راستہ ہے۔ جتنا عظیم الشان اللہ ہے اتنا ہی اس کا راستہ عظیم الشان ہے اور راستے کے رہبر عظیم الشان ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اللہ تعالیٰ کی عظمت کے حقوق کی ادائیگی کی توفیق دے ۔ دعا کرو کہ اللہ تعالیٰ ہماری نالائقیوں کو معاف فرمائے۔ میں اپنی کوتاہی کو بھی کہتا ہوں کہ اے خدا! اپنی رحمت سے اختر کو بھی کوئی کام ایسا نہ کرنے دے جس سے آپ کے دین کی عظمت کو ایک ذرّہ نقصان پہنچ جائے۔ جو آپ نے ہمیں دیا اس پر ہمیں قناعت نصیب فرما،حدیث پاک میں ہے کہ اَللّٰہُمَّ قَنِّعْنِیْ بِمَا رَزَقْتَنِیْ؎ اے اﷲ! جو آپ نے ہم کو دیا ہے اسی پر ہم کو قناعت نصیب فرما۔بس دستِ مولیٰ سے جو ہم پاجائیں وہی ہماری چیز مبارک ہے۔ بندوں سے اپنی حاجت کو ہرگز مت ظاہر کرو اِلَّا یہ کہ اپنے پاس پیسہ بھی ہو، اپنی جیب سے پیسہ دو اور خریدو، ورنہ صبر کرو۔ جتنا اللہ نے دیا ہے اسی کی حدود میں رہو۔ بس کسی سے ایک فرمایش بھی مت کرو تاکہ یہ محسوس نہ ہو کہ اللہ والے چاہتے ہیں کہ ان کے چیلے چاپلوسی سے فرمایشیں کرتے پھریں۔ ایسا کرنے سے دین کو نقصان پہنچتا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اخلاص عطا فرمائے۔ اللہ مل جانا ہی کیا کم ہے؟ پھر فرمایش کی کیا ضرورت ہے؟ جس کو اﷲ مل گیا اس کو دونوں جہاں مل گئے۔ میں کہتا ہوں اگر اس سفر میں ہمیں اللہ مل جائے اور دردِ دل مل جائے اور اللہ والی حیات مل جائے تو اس سے بڑھ کر کون سی بادشاہت ہے۔ میرے ساتھیوں کو یہ یقین کرنا چاہیے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں سلطنت دے رہا ہے بلکہ سلطنت و تخت و تاج سے افضل چیز اللہ کی محبت ہے۔ اللہ تعالیٰ عمل کی توفیق دے اور قبول فرمائے۔ ------------------------------