دعوت و تبلیغ کے اصول و احکام ۔ تصحیح شدہ جدید ایڈیشن |
ww.alislahonlin |
|
اور ایک عالم تک آپ کا فیض پہنچا ۔تصنیفات کی کثرت اور تنوع کے اعتبار سے معاصرین ہی کا نہیں پہلوں میں بھی آپ کی نظیریں کم ہی مل پائیں گی۔ باقاعدہ کتابوں کے علاوہ آپ کے خطبات ومواعظ میں بھی کثرت سے علمی جواہر ریزے بکھرے پڑے ہیں ۔ایک بہت بڑی ضرورت تھی کہ ان کو عنوان وارجمع کردیا جائے،تاکہ ’’خرمن اشرفی‘‘ کے خوشہ چینوں کو بہ آسانی اس سے استفادہ کا موقع مل سکے ۔ اور وہ باہم مربوط ومسلسل ہوجائیں ۔ نوجوان اور لائق فاضل جناب مولانا مفتی محمد زید صاحب (جو ماشاء اللہ اہم علمی اور فقہی موضوعات پر لکھتے رہتے ہیں ) کے لئے اللہ تعالیٰ نے اس اہم کام کی توفیق مقدر رکھی تھی ۔ چنانچہ مختلف علمی اور اصلاحی موضوعات پر حضرت تھانوی کے افادات جمع کررہے ہیں ۔اس کے لئے ہزاروں صفحات کی ورق گردانی پوری یکسوئی کے ساتھ مطالعہ ، پھر مختلف مضامین کے لئے موضوع وعنوان کی تعیین ، اس کے بعد تسوید اور ربط وتسلسل کا لحاظ رکھتے ہوئے جمع وترتیب کاکام کرنا ہوتا ہے اور اہل ذوق ان مراحل کے پس پشت محنت وکوشش کا بہ آسانی انداز کرسکتے ہیں ۔ اسی سلسلہ کا ایک اہم مجموعہ مولانا موصوف نے ’’تبلیغ دین‘‘ کے عنوان پر مرتب کیا ہے جو علماء وعوام، قومی اورملی کارکنوں اور دعوت دین کا کام کرنیوالوں کیلئے یکساں قابل استفادہ ہے ، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان سے اور دین کی خدمت لے اور ان کے ہاتھوں اس عظیم الشان کام کو پایہ تکمیل تک پہنچائے ۔ وباللّٰہ التوفیق:۔ مجاہد الاسلام قاسمی ۳؍جمادی الاولیٰ ۱۴۱۳ھ