الفاروق مکمل - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
لا تنظروا الیٰ صلوٰۃ امر اولا صیامہ ولکن انظروا الیٰ عقلہ و صدقہ۔ "یعنی آدمی کی نماز، روزہ پر نہ جاؤ بلکہ اس کی سچائی اور عقل کو دیکھو۔ " ایک دفعہ ایک شخص نے ان کے سامنے کسی کی تعریف کی، فرمایا کہ تم سے بھی معاملہ پڑا ہے ؟ اس نے کہا نہیں، پوچھا، کبھی سفر میں ساتھ ہوا ہے۔ اس نے کہا نہیں، فرمایا کہ تو تم وہ بات کہتے ہو جو جانتے نہیں (یہ قول ازالۃ اخفاء حصہ دوم صفحہ 197 میں نقل کیا ہے )۔ احادیث کے باب میں بڑی غلطی جو لوگوں سے ہوئی یہی تھی کہ اکثر محدثین جس کو زاہد و پارسا دیکھتے تھے ثقہ سمجھ کر اس سے روایت شروع کر دیتے تھے۔ عبد الکریم بن ابی المخارق جو ایک ضعیف الروایہ شخص تھا اس سے امام مالک نے روایت کی۔ لوگوں نے تعجب سے پوچھا کہ آپ ایسے شخص سے روایت کرتے ہیں، انہوں نے فرمایا۔ غرنی بکثرۃ جلوسہ فی المسجد (فتح المغیث صفحہ 13)۔ "یعنی اس بات نے مجھ کو دھوکہ دیا کہ وہ کثرت سے مسجد میں بیٹھا کرتا تھا۔ "