الفاروق مکمل - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
من لم یعرف الشر یقع فیہ۔ "جو شخص برائی سے واقف نہیں وہ برائی میں مبتلا ہو گا۔ " ما ساءلنی رجل الاتبین لی ما فی عقلہ۔ "جب کوئی شخص مجھ سے سوال کرتا ہے تو مجھ کو اس کی عقل کا اندازہ ہو جاتا ہے۔ " واعظ سے خطاب کر کے لا یلھک الناس عن نفسک اقل من الدنیا تعش صرا ترک الخطیئۃ اسھل من التوبۃ۔ "لوگوں کو فکر میں تم اپنے تیئں بھول نہ جاؤ۔ دنیا تھوڑی سی لو تو آزادانہ بسر کروگے۔ توبہ کی تکلیف سے گناہ کا چھوڑ دینا زیادہ آسان ہے۔ " لی علی کل خائن امینان الماء والطین۔ "ہر بدیانت پر میرے دو داروغے متعین ہیں آب و گل۔ " لو ان الصبر والشکر بعیران ما بالیت علی ایھما رکبت۔ "اگر صبر و شکر دو سواریاں ہوتیں تو میں اس کی نہ پرواہ کرتا کہ دونوں میں سے کس پر سوار ہوں۔ " رحم اللہ امراً اھدی الیٰ عیوبی۔ "خدا اس شخص کا بھلا کرے جو میرے عیب میرے پاس تحفے میں بھیجتا ہے (یعنی مجھ پر میرے عیب ظاہر کرتا ہے۔ " صائب الرائے ہونا رائے نہایت صائب ہوتی تھی۔ عبد اللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرمایا کرتے تھے کہ عمر کسی معاملے میں کہتے تھے کہ میرا اس کی نسبت یہ خیال ہے تو ہمیشہ وہی پیش آتا تھا۔ جو ان کا گمان ہوتا تھا۔ (صحیح بخاری باب اسلام عمر)۔