تاریخ اسلام جلد 3 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
میدان جنگ سے غیر حاضر یعنی ایشیاء کوچک میں مقیم رہا۔ ۷۹۹ھ میں اس نے سنا کہ یورپ کی تمام طاقتیں ہنگری کے بادشاہ سجمنڈ کی تحریک و کوشش سے سلطنت عثمانیہ کے خلاف متحد ہو کر جنگ کی تیاریاں مکمل کر چکی ہیں اور فوجوں کی نقل و حرکت شروع ہو گئی ہے۔ اس مرتبہ علاوہ اور تمام عیسائی بادشاہوں اور قوموں کے فرانس و انگلستان بھی اپنی پوری طاقت کے ساتھ اس اتحاد میں شامل تھے۔ یعنی اٹلی۔ فرانس و انگلستان۔ آسٹریا۔ ہنگری۔ پولینڈ۔ جرمنی۔ وایشیا۔ بوسنیا وغیرہ سب مکمل طور پر تیار ہو کر اس کئی سال کی مہلت میں باطمینان میدان میں نکل سکے۔ قسطنطنیہ کا قیصر محض اس لیے کہ وہ ہمہ واقات سلطان بایزید خان یلدرم کی ٹھوکروں میں تھا۔ علانیہ شرکت نہ کر سکا مگر خفیہ طور پر اور معنوی حیثیت سے وہی اس جنگی تیاری کا باعث اور محرک اول تھا۔ کیونکہ ترکوں کی سلطنت کا سب سے زیادہ بد خواہ اور دشمن وہی ہو سکتا تھا۔ حالانکہ سلطان بایزید خان یلدرم اس کی طرف سے بالکل مطمئن اور صاف تھا۔ عیسائیوں کی اس جنگی تیاری کا حال سن کر بایزید خان یلدرم برق اور آندھی کی طرف یورپ پہنچا۔ اس نے یہاں پہنچ کر دیکھا کہ روما کے پوپ یونیفس نہم نے یورپ کے ملکوں میں اپنا فتویٰ شائع کیا ہے کہ جو عیسائی ہنگری کے ملک میں پہنچ کر مسلمانوں کے خلاف لڑائی میں شریک ہو گا وہ گناہوں سے بالکل پاک ہو جائے گا۔ اس سے پہلے فرانس و انگلستان میں لڑائی چھڑی ہوئی تھی مگر پوپ اور دوسرے بااثر عیسائیوں نے دونوں ملکوں کے سلاطین کو سمجھایا اور اس بات پر آمادہ کر دیا کہ بایزید خان یلدرم کا قصہ پاک کر لینے تک یہ لڑائی روکی جائے چنانچہ کائونٹ دی نیورس ڈیوآف برگنڈی کے ماتحت علاقہ برگنڈی کے بہادروں کی ایک زبردست فوج ہنگری کے بادشاہ سجمنڈ کی اعانت کے لیے ہنگری کی جانب روانہ کی گئی۔ فرانس کے بہادروں کی ایک زبردست فوج بادشاہ فرانس کے تین چچیرے بھائیوں جمیش۔ فلپ اور ہنری کے ماتحت مرتب ہو کر ہنگری کی جانب روانہ ہوئی۔ اس فوج میں شہزادہ کائونٹ آف یو بھی شامل تھا۔ فرانس کے بہت سے نواب اور فخر ملک و قوم بہادر سپہ سالار اور فرانس کا امیر البحر بھی اپنی اپنی جمعتیں لے کر الگ روانہ ہوئے۔ جرمن کے ٹیوٹانک شہزادے اور بڑے بڑے کائونٹ اپنی اپنی زبردست فوجیں لے کر ہنگری میں پہنچے۔ بومیریا کے بہادروں کی زبردست فوجیں ایکٹر پیلتن اور کائونٹ آف منسپل گریڈ کے ماتحت روانہ ہوئیں۔ آسٹریا کے سواروں کی ایک فوج کا افسر ہرمین اور دوسری زبردست فوج کا افسر کائونٹ دی سلی تھا۔ اسی طرح اٹلی اور دور دراز کے جزیروں سے بھی آزمودہ کار اور بہادر عیسائیوں کی فوجیں ہنگری کی جانب روانہ ہوئیں سینٹ جان یروشلم کے ماتحت بھی عیسائیوں کی ایک زبردست فوج آئی۔ اس طرح جب ہنگری میں عیسائیوں کی افواج قاہرہ کا جمائو ہو گیا تو سجمنڈ شاہ ہنگری نے اپنی زبردست فوج کو بھی ہر طرف سے جمع کیا اور والیشیا کے عیسائی بادشاہ کو جو سلطان بایزید خان یلدرم کی اطاعت قبول کر چکا تھا۔ لکھا کہ اب تمہارے لیے مناسب یہی ہے کہ بایزید خان یلدرم کی اطاعت ترک کر کے معہ اپنی پوری طاقت کے ہمارے شریک ہو جائو۔ اس نے بڑی خوشی سے اس پیغام کا خیر مقدم کیا اور جب عیسائی افواج کا یہ سیلاب اس کے ملک میں داخل ہو گیا۔ مگر سرویا کے بادشاہ نے احتیاط سے کام لیا جو پہلے بادشاہ کے مقام کسودا میں گرفتار و مقتول ہونے کے بعد تخت نشین ہو کر بایزید خان یلدرم کا باج گزار و مطیع بنا تھا۔ اس نے اس عیسائی لشکر کی شرکت اختیار نہیں کی۔ عیسائیوں کی عظیم الشان فوج کی یہ خصوصیت قابل تذکرہ ہے کہ اس مرتبہ جس قدر