تاریخ اسلام جلد 3 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
ناقص نہ تھی جیسی کہ مغلوں کی عرصہ دراز تک رہی۔ یہی وجہ تھی کہ تاتاریوں اور سلجوقیوں نے اسلام کی تبلیغ میں ایسی کوشش کی اور اسلام کے لیے ایسی غیرت دکھائی کہ مغلوں میں اس کی مثالیں بہت ہی کم دستیاب ہو سکتی ہیں۔ ترکوں تاتاریوں اور مغلوں میں کیا فرق ہے اور کس قسم کی رقابت ہے اس کے متعلق اوپر ذکر آ چکا ہے۔ پھر مغلوں کے اندر مسماۃ الانقوا کے بیٹوں کی اولاد سے الگ الگ قومیں پیدا ہوئیں۔ اس کا ذکر بھی اوپر آ چکا ہے۔ ان میں بوزبخر کی اولاد بوز بخری کہلائی۔ اور وہ دوسری قوموں کے مقابلہ میں زیادہ مشہور اور پیش پیش رہی۔ اس بوز بخری قبیلہ میں تومنہ خان ایک شخص ہوا اس کے دو بیٹے تھے۔ ایک قبل خان دوسرا قاچولی بہادر قبل خان کی اولاد میں چنگیز خان تھا۔ جس کی اولاد چنگیزی کہلائی اور اس کے حالات ابھی ہم اوپر مطالعہ کر چکے ہیں۔ دوسرے بیٹے قاچولی بہادر کا بیٹا ایرومجی برلاس تھا۔ اس ایرومجی برلاس کی اولاد قوم برشام کے نام سے موسوم ہوئی۔ ایرومجی برلاس کا پوتا امیر قراچار تھا۔ جس کا ذکر اوپر آ چکا ہے۔ جو چنگیز خان کے بیٹے چغتائی خان کا امیر الامراء اور سپہ سالار تھا۔ اس امیر قراچار کی اولاد میں امیر تیمور گورکان صاحب قران پیدا ہوا۔ لہٰذا امیر تیمور قوم برلاس میں سے تھا۔ امیر تیمور کا لقب چونکہ گورکان تھا۔ اس لیے امیر تیمور کی اولاد گور کانیہ کہلائی۔ اور ایک الگ قوم سمجھی گئی۔ مغولان بوز بخری میں اول خان کی اولاد صاحب طبل و علم اور وارث تخت و تاج رہی۔ جب ان کا ستارہ اقبال غروب ہونے لگا تو قاچولی بہادر کی اولاد یعنی مغولان برلاس کی نوبت آئی۔ اور امیر تیمور گورکان نے چنگیز خان کی فتوحات کو پھر تازہ کر دیا۔ مگر فرق صرف اس قدر تھا کہ چنگیز خان ایک نامسلمان باپ کا نامسلمان بیٹا تھا۔ اور امیر تیمور ایک مسلمان اور باخدا باپ کا مسلمان بیٹا تھا۔ چنگیز خان جن لوگوں سے لڑا اور جن کو اس نے قتل کیا وہ مذہب و عقیدے میں چنگیز خان کے موافق نہ تھے لیکن امیر تیمور کو اپنے ہی مسلمان بھائیوں سے زیادہ لڑنے کا موقعہ ملا۔ جس طرح چنگیز خان کی اولاد میں اس کے مرنے کے بعد ایشیا کے بہت بڑے حصے کی حکومت و سلطنت رہی اسی طرح امیر تیمور کی اولاد میں بھی اس کے بعد ایشیا کے اکثر ملکوں کی بادشاہت باقی رہی۔ لہٰذا بجا طور پر کہا جا سکتا ہے کہ تومنہ خان کی اولاد نے قریباً چھ سو سال تک مسلسل براعظم ایشیاء میں حکمرانی کی۔ مگر چونکہ امیر تیمور کا ذکر شروع کرنے سے ہم بہت دور آگے نکل جائیں گے۔ لہٰذا ہم کو اس وقت مغولان چنگیزی سے آگے نہیں بڑھنا چاہیئے۔ --- باب : ۱۸ایران کی اسلامی تاریخ کا اجمالی تتمہ تاریخ اسلام کے سلسلہ میں اب تک جس ترتیب کے ساتھ حالات بیان ہوئے ہیں ان میں ایران کی تاریخ کا بہت بڑا اور ضروری حصہ بیان ہو چکا ہے۔ لیکن جن لوگوں نے صرف ایران ہی کی اسلامی تاریخیں لکھی ہیں۔ انہوں نے واقعات کے قلم بند کرنے میں دوسری ترتیب ملحوظ رکھی ہے۔ جو ان کے لیے موزوں بھی تھی۔ ہندوستان کے مسلمانوں