احتساب قادیانیت جلد نمبر 60 |
انجمن حمایت اسلام، ندوۃ العلماء اور ایجوکیشنل کانفرنس بھی جب اپنی اغراض کے لے لوگوں کو بلاتے ہیں تو عالم فاضل لوگوں کو ضروریات وقت پر لیکچر دینے کے لئے منتخب کرتے ہیں۔ تاکہ تین چار روز میں دور دراز کے لوگ مفید اور ضروری معلومات ساتھ لے کر واپس جائیں اور ان کا وقت عمدگی کے ساتھ صرف ہو اور پھر مفید معلومات کے ساتھ وہ مفید کاموں میں کارآمد ہوسکیں۔ مگر افسوس خود تویہ خیالات نہ ہوئے۔ دوسرے کی تحریک کو دشمنی اور ارتداد میں شمار کیاگیا۔ خوش قسمتی سے ایک مولوی نورالدین کا درس قرآن اور علمی مجلس ہے۔ جس میں ہر وقت کوئی طالب بیٹھ کر مستفیض ہوسکتا ہے۔ مگر آپ کی طرف سے لوگوں کو اس قدر بھی تاکید نہیں کہ سب لوگ مولوی کے درس قرآن میں شریک ہوا کریں۔ ۷… عدم صفائی: لنگر کا صرف ہزار بارہ سو رویہ ماہوار ہے۔ مگر اس قدر مجمع کے واسطے صفائی کا کوئی خاص انتظام نہیں۔ ’’الطہور ثلث الایمان‘‘ ان کا نمونہ علی گڑھ میں بیشک ہے۔ جس جگہ کی ٹٹیات بھی قادیان کے مکانات سے زیادہ صاف رکھی جاتی ہیں۔ ۸… بے حسابی: لنگر کے واسطے جو روپیہ وصول ہوتا ہے۔ اس کے مصارف کا کوئی معقول حساب اور انتظام نہیں۔ کیا یہ بھی کوئی اسوۂ حسنہ ہے کہ قومی روپیہ کا کوئی حساب نہ رکھا جائے۔ بلکہ ایسی لاپروائی، بے دردی سے اس کو صرف کیا جائے نہ کوئی اس کا حساب کتاب ہو۔نہ کوئی اس کا نگراں، باہر سے روپیہ لیا اور بیوی کے سپرد کر دیا۔ جب جماعت سیالکوٹ نے خط لکھوایا کہ لنگر کے اخراجات کا حساب اور انتظام رہنا چاہئے تو جواب دیا کیا میں خزانچی ہوں؟ پھر جب کسی نے مہمانوں کے کھانے کی بابت بدنطمی ظاہر کی تو جواب دیا کیا میں بھٹیاری ہوں؟ سبحان اﷲ! عجب اسوۂ حسنہ اور مزکی ہیں کہ قوم سے لنگر کے نام پر ہزار بارہ سو روپیہ تو وصول کیا جائے اور اس کے انتظام کے سوال پر جوش وغضب میں آجائیں۔ حضرت عمرؓ تو بیت المال میں سے اپنی ذات اور اولاد پر کچھ بھی صرف نہیں کرتے تھے۔ کیا وہ اسوۂ حسنہ تھا یا یہ گبڑ شبڑ۔ ۹… زکوٰۃ: کے لئے حکم ہے کہ سب قادیان میں ہی جمع ہوکر مگر جو دور دراز شہروں میں مستحقین زکوٰۃ ہوں۔ ان کی دستگیری کے لئے کوئی انتظام نہیں۔ آنحضرتﷺ کے وقت میں تمام مسلمان ایک ہی جگہ تھے۔ زکوٰۃ کاتمام روپیہ یکساں طور پر مستحقین کو تقسیم ہوتا تھا۔ ۱۰… صفت تحمل وغور اورقوت فیصلہ معدوم ہونا اور مغلوب الغضب ہونا: جیسا کہ موجودہ خط وکتابت سے ہی ظاہر ہے کہ میں لکھتا کچھ ہوں اور آپ سمجھے کچھ ہیں۔ جو بینات قرآنی پیش کرتا ہوں۔ ان سے صاف اعراض کر رہے ہیں۔