احتساب قادیانیت جلد نمبر 60 |
۳… خلاف عہد: براہین کے چندہ قبل از وقت وصول کئے۔ ایفائے عہد اب تک نہیں کیا بلکہ خریداروں کا عموماً روپیہ بھی واپس نہیں کیا۔ ۴… تلون طبع: ایک وقت وہ تھا کہ فتح خاں نام جب وقت پر کھانا نہ پہنچنے پر ناراض ہوا تو گھنٹوں بیوی صاحبہ نے بھی اس کی دلجوئی اور خوشامد کی اور آپ نے بھی مگر اس نے نہ مانا۔ آپ نے اس کو جماعت سے خارج بھی نہ کیا۔ خلیفہ محمد حسن وزیراعظم ریاست پٹیالہ کی چندہ براہین دینے پر بے حد تعریف کی گئی اور اب وہ وقت ہے کہ جو شخص پندرہ بیس ہزار روپیہ اور تمام زندگی وآسائش آپ کی امداد میں صرف کر چکا۔ اس کو محض چند تجاویز اصلاحی مشورتاً پیش کرنے پر خارج از جماعت کیا جاتا ہے۔ ۵… نفس پرستی اور آرام طلبی: اشاعت اسلام کے لئے دو ماہ کے واسطے بھی گھر سے باہر نہیں نکلے۔ بلکہ لنگر کے نام پر روپیہ جمع کیا۔ خود مزے سے کھایا اور دوسروں کو کھلایا۔ یہاں تک کہ ایک عبدالکریم کی بیماری میں من ڈیڑھ من پختہ برف لگاتار لاہور سے آتی رہی اور جو لنگرمیں چندہ نہ دے اس کی نسبت جماعت سے خارج کر دینے کا اعلان دیاگیا۔ کیا یہی اسلام اور اشاعت اسلام ہے تو پھر جو لوگ اپنی ذاتی تنخواہوں اور آمدنیوں پر گھروں میں بیٹھے ہوئے عیش وآرام کریں وہ تو آپ کے نمونہ کے لحاظ سے زیادہ مستحق ہوئے۔ جب کہ آپ نے قومی روپیہ اور اسلامی خدمت کے روپیہ پر ایسا عیش کیا اور آپ کے بال بچے نوابوں کی طرح عیش وتنعم میں پلے۔ اگر سفر بھی کیا تو سیکنڈ کلاس میں محض بیوی صاحبہ کی خاطر دہلی کا، نہ اسلام کی خاطر اور شہروں کا بے حد جماعت کے اصرار اور الحاح… پر سیالکوٹ اور پٹیالہ تک (بھی سفر نہ کیا) ۶… غریب مہمانوں کی نسبت لاپروائی اور عدم تواضع: جو لوگ سینکڑوں اور ہزاروں کوسوں سے تکالیف اور صرف اٹھا کر قادیان محض کلمتہ الحق سننے کے واسطے پہنچتے ہیں ان کے واسطے کوئی انتظام نہیں کہ کسی بڑے مکان میں یا سایہ دار درخت کے نیچے ایک وقت پر سب جمع ہوکر ضروریات وقت پر وعظ سنا کریں۔ زیادہ نہیں تو ایک آدھ گھنٹہ ہی سہی۔ بلکہ دھینگا مشتی کے طور پر دس بیس… آدمی جو آپ کے قریب کسی وقت پر جب آپ خود ہی اپنی فراغت سے باہر تشریف لائیں۔ جمع ہوکر کچھ سن لیں تو سن لیں۔ وہ بیچارے خود عقیدگی سے ادھر ادھر بیٹھ کر وقت گذار آنے کو ہی غنیمت سمجھ لیتے ہیں۔ کیا مہمانداری اور مسافر نوازی اور تعلیم وتربیت کا یہی کامل نمونہ ہے؟