احتساب قادیانیت جلد نمبر 60 |
|
مرزاقادیانی اور مرزائی قرآن مجید اور احادیث صحیحہ کے صاف الفاظ اور محکمات سے صاف اعراض کر کے متشابہات کو پکڑ لیتے اور شاعرانہ رنگ آمیزیوں سے ایک ذرہ کو پہاڑ بنا دیتے ہیں۔ تعمیر مینار قادیان ۱… احادیث صحیحہ میں تو یہ ذکر ہے کہ مسیح ابن مریم منارہ پر نازل ہوگا۔ جو دمشق کے مشرق میں ہے۔مگر جب دیکھا کہ مینارہ کی تعمیر کی بناء پر خوب روپیہ وصول ہوگا تو فوراً دس ہزار کا تخمینہ تیار کرا کے سو اہل وسعت مریدوں سے سو سو روپیہ وصول کر لیا۔ متفرق رقومات علیحدہ لیتا رہا۔ یہاں تک کہ دس ہزار سے کئی گنا زیادہ روپیہ وصول ہوگیا اور ظاہر کیا کہ مینارہ کی تعمیر سے آنحضرتﷺ کی پیشین گوئی کی تصدیق ہوگی۔ حالانکہ یہ کہیں ارشاد نہیں کہ مسیح منارہ تعمیر کرائے گا۔ مگر تعمیر سے چونکہ ہزاروں روپیہ وصول ہوتا تھا۔ اس لئے اس کے نقشوں، تخمینوں اور چندوں کے واسطے بڑی مستعدی کے ساتھ اخبار میں اشتہارات دئیے۔ الفاظ ابن مریم، نزول اور مشرق دمشق سے صاف اعراض کیا اور ان میں رکیک تاویلات کیں۔ پھر جب تک اس کا چندہ وصول نہ ہوا۔ تب تک تیاری اور اشتہارات میں بہت مستعدی دکھائی۔ مگر جب دس ہزار سے بھی کئی گنا روپیہ وصول ہوچکا تو تعمیر بند کر دی۔ بہشتی مقبرہ ۲… احادیث صحیحہ میں قبروں کے خلاف سخت ارشادات ہیں۔ مرزا نے جب دیکھا کہ مقبروں کی آمد تمام اسلامی دنیامیں خوب ہے تو فوراً اپنی موت کا اشتہار دے کر الہام ذیل شائع کر دیا۔ ’’جاء اجلک المقدر‘‘ تیری اجل مقدر آن پہنچی تاکہ اس کی موت کی خبر سے تمام مریدوں میں جوش پیدا ہو جائے اور فوراً وہ مال وجان قربان کرنے کے لئے مستعد ہو جائیں۔ رسالہ الوصیت شائع کیا جس میں ایک بہشتی مقبرہ کا اعلان دیا گیا جو کوئی اسلامی خدمات کے لئے بہشتی مقبرہ کے نام پر اپنی جائیداد منقولہ وغیرمنقولہ کا دسواں حصہ وقف کر دے گا۔ اس کو اس مقبرہ میں جگہ مل سکے گی اور وہ بہشتی ہو جائے گا۔ اس کی تیاری کے لئے اس وقت ہزاروں روپیہ علیحدہ وصول ہو رہا ہے۔ مگر بہشتی مقبرہ کی آمد میں سے کوئی اسلامی خدمت نہیں کی جاتی۔ تعلیم الاسلام سکول قادیان جو ایک طرح پر خدمت کر رہا ہے۔ چونکہ مرزاقادیانی کی ذات کو اس سے کچھ فائدہ نہیں۔ اس لئے اس سے آپ کو اس قدر بھی ہمدردی نہیں کہ اس کی شاخوں کو مہینہ میں ایک دو بار ملاحظہ کر لیا کریں۔ ہاں! مینارہ، مقرہ اور لنگر کے نام پر جو منی آرڈر آتے ہیں ان کی وصولیت کے لئے ہر وقت منتظر اور مستعد رہتے ہیں۔