احتساب قادیانیت جلد نمبر 60 |
|
۷… خلیفہ صاحب ربوہ (چناب نگر) مرزابشیرالدین محمود احمد کے عزیز اقرباء کے خلاف کس قدر بھاری بھاری رقوم کی ڈگریاں دارالقضاء صدر انجمن احمدیہ ربوہ (جماعت کی عدالت عالیہ) دے چکی ہے جو بیچارے غریب احمدیوں کی ساری عمر کی پونجی ہے جو وہ اپنے اخلاص اور عقیدہ کے نتیجہ میں بانئے سلسلہ کے خاندان کے افراد کی نظر کر چکے ہیں۔ آخر ان کی ادائیگی میں روک کیا ہے؟ اس کے برعکس خلیفہ صاحب نے جن احمدیوں سے اپنا ذاتی روپیہ لینا ہوتا ہے ان کو خارج از جماعت کرنے سے بھی دریغ نہیں کرتے۔ ۸… زندگی وقف کرنے والے اور دوسرے صدر انجمن کے کارکن جو بیت المال سے تنخواہ حاصل کرتے ہیں اور بعض دیگر افراد کے نجی کام کیوں کرتے ہیں۔ آخر ان کے اسباب اور وجوہات کیا ہیں۔ کیا یہ قومی اموال میں خیانت نہیں اور ہر طرح قابل مذمت فعل نہیں؟ ۹… جماعت کے فہمیدہ اصحاب سے اکثر مالی حالات کو چھپایا جاتا ہے اور انجمن کے سالانہ بجٹ میں (صدر انجمن اور تحریک جدید جو دونوں رجسٹرڈ شدہ ہیں) پیش کرنے سے روکا جاتا ہے۔ جماعت کے سامنے آخر ان تمام امور کو پیش کرنے سے کیا روک ہے۔ اس ادارے میں آخر کیا خفیہ کارروائی ہے جو جماعت کے سامنے رکھنا مناسب نہیں۔ اس سے کیا خطرات ہیں۔ ۱۰… ربوہ (چناب نگر) کے موجودہ ارباب وتنظیم کے سربراہوں کے خلاف تعمیری اور صحت مند تنقید پر مشتمل لٹریچر جن میں بیت المال صدر انجمن کی مالی بدعنوانیوں کو بے نقاب کیا جاتا ہے کے مطالعہ سے جماعت کو منظم طور پر آخر کیوں روکا جاتا ہے۔ جب کہ ان عیوب کی نشاندہی کرنے والے شواہد پر غور کرنے کی دعوت دیتے ہیں اور ان معترضین کا شوشل بائیکاٹ منظم طور پر وسیع پیمانہ پر قرار دادوں اور مرکز کے حکم ناموں کے ذریعہ کیوں کیا جاتا ہے۔ کیا اس لئے تو نہیں کہ کہیں احمدی حضرات مرکز کے دھاندلی اور اصل حقائق سے واقف نہ ہو جائیں۔ ۱۱… خلیفہ صاحب ربوہ (مرزابشیر محمود) پر جماعتی روپیہ کے ناجائز استعمال اور مشکوک ذاتی کریکٹر کے متواتر الزامات جو باربار لگائے جارہے ہیں۔ ان کا جواب وضاحتی بیان سے کیوں نہیں دیا جاتا۔ جب کہ محمد یوسف ناز صاحب آف کراچی مباہلہ کے لئے مرزامحمود کو باربار دعوت دے رہے ہیں اور بانئے سلسلہ کا قول نمبر۲ اوپر درج کیا گیا ہے۔ اگر مباہلہ مناسب نہ ہو تو پھر ان الزام لگانے والے اصحاب کے خلاف ملکی عدالت میں ہتک عزت کا دعویٰ کیوں نہیں کیا جاتا۔