احتساب قادیانیت جلد نمبر 60 |
|
نصاریٰ کو دعوت کرتے ہوئے فرماتے ہیں: ’’قل تعالو الیٰ کلمۃ سوآئٍ بیننا وبینکم ان لا نعبد الا اﷲ ولا نشرک بہ شیئا ولا نتخذ بعضنا بعضاً ارباباً من دون اﷲ‘‘ محمد مصطفیﷺ سید المرسلین خاتم النّبیین اور رحمتہ اللعالمین ہیں جو شخص عمداً ان کی مخالفت کرتا ہے۔ وہ شقی اور بدبخت ہے۔ ہاں جن لوگوں پر آپ کی تبلیغ نہیں ہوئی یا جو نقص علم یا نقص فہم سے نہ ضد اور تعصب کی رو سے غافل، مخالف ہیں۔ ان کی نسبت قرآن مجید یہ فرماتا ہے: ’’وما کنا معذبین حتیٰ نبعث رسولاً۰ لا یکلّف اﷲ نفساً الا وسعہا‘‘ جو اصول اﷲ کریم کی ربوبیت ورحمانیت عامہ اور رحمت واسعہ کے منافی ہوں میں اس کو کبھی تسلیم نہیں کر سکتا۔ نہ ایسی کسی بات کو مان سکتا ہوں جو قرآن مجید کی آیات بینات کے صریح معنوں کے خلاف ہو۔ ہر الہام اور وحی جو قرآنی بیّنات کے مخالف ہو وہ بلاشک شیطانی ہے۔ متشابہات سے اپنے اپنے خیال کی تائید کرنا اور بیّنات کو رد کرنا بیشک شیطانی حرکت ہے۔ میں آپ کو ’’مسیح الزمان مانتا ہوں‘‘ اور جو لوگ جماعت میں مولوی نورالدین کا نمونہ ہیں اور قرآن مجید کے ہر ارشاد پر علے التناسب عامل ہیں۔ واجب التعظیم اور واجب الاطاعت سمجھتا ہوں۔ لیکن جو لوگ قرآن مجید کے خلاف چلتے یا کسی ایک حصہ کو ہی تحریف کر کے توحید ورسالت محمدی کی تحقیر کرتے ہیں ان کا میں مخالف ہوں۔ ہر امر میں استمساک بالقرآن اور استمساک بالفطرت جو دو مرایائے متقابلہ کے طور پر ہیں عین حکمت اور عین رشد وسعادت سمجھتا ہوں۔ اﷲتعالیٰ کی رحمت کو نہایت وسیع اور غیر محدود مانتا ہوں اور دیکھ رہا ہوں وہ ہمیشہ میرے ساتھ ہے اور چھوٹے چھوٹے معاملات میں بھی میری ہمدردی اور رہنمائی کرتی ہے اور سینکڑوں معاملات کی خبر مجھے قبل ازوقت ملتی اور صحیح ثابت ہوتی ہے۔ اس جگہ پر محض دو خوابات نمونتاً عرض کرتا ہوں۔ اوّل… ایک مولوی محمد حسن بیگ میرے خالہ زاد بھائی تھے۔ حضور کے سخت مخالف تھے۔ ان کی نسبت خواب میں مجھے معلوم ہوا کہ اگر وہ مسیح الزمان کی مخالفت پر اڑا رہا تو پلیگ سے ہلاک ہو جائے گا۔ اس کی سکونت بھی شہر سے باہر ایک کشادہ صاف ہو ادار مکان میں تھی۔ یہ خواب میں نے اس کے حقیقی بھائی اور چچا اور دیگر عزیزوں کو سنا دیا تھا۔ ایک سال بعد وہ پلیگ سے ہی فوت ہوا۔ پھر اس کے بعد خواب میں مجھے معلوم ہوا کہ پلیگ کیسی ہی شدت سے پھیلے مگر تو پلیگ سے فوت نہیں ہوگا۔ کیونکہ اﷲتعالیٰ تجھ کو ایک نشان بنانا چاہتا ہے۔