گیارہواں باب
آداب و اخلاق
اسلام خدا کا آخری ، محفوظ اور مکمل دین ہے جو انسانیت کی ہدایت و راستی اور اس کی دنیا و عقبیٰ کی فلاح و کامیابی اور سعادت و خوش بختی کا ضامن ہے، حفاظت وہدایت اس کی خاص شان ہے ۔ اس کا دستور اساسی قرآن مجید کی شکل میں اسی طرح محفوظ ہے کہ بجائے خود ایک معجزہ ہے۔
جامعیت و ہمہ گیری اس کا خاص وصف ہے۔ زندگی کا کونسا گوشہ ہے جس کو اس کے خورشید ہدایت نے بے نور چھوڑا ہے ؟ اور جہان رنگ و بو میں پیش آنے والا کونسا قضیہ ہے جس کی اس نے عقدہ کشائی نہیں کی ؟
مگر حقیقت یہ ہے کہ اس کی تعلیمات کو وسعت دی جائے تو وہ ایک وسیع و طویل کتاب ہے، وہ عقیدہ و ایمان ہے۔ عبادت و بندگی ہے، خشیت و تضرع ہے، خدا کا ذکر ہے، آخرت کی فکر ہے، قانونِ معاشرت ہے، اصول معاملت ہے، نظام اجتماعی ہے، ضابطہ عدل و قضاء ہے، قواعد جرم و سزا ہے، تزکیہ اخلاق ہے، حقوق الناس کی رعایت ہے، عورتوں کی کرامت کا راز ہے، مردوں کےلیے اپنی منصب شناسی