طبع سوم
اس کتاب کا پہلا اور دوسرا ایڈیشن ’’ دار العلوم سبیل السلام حیدر آباد ‘‘ اور اس کے ناظم عالی مقام جناب مولانا محمد رضوان القاسمی صاحب کے زیر اہتمام شائع ہوا تھا۔ جب اس کتاب کا پہلا ایڈیشن طبع ہوا اور ’’ ندوہ ایجنسی، ارم کاٹج حیدر آباد ‘‘ میں استاذِ گرامی حضرت مولانا حسیب الرحمن صاحب مدظلہ شیخ الحدیث دار العلوم حیدر آباد کے ہاتھوں اس کی رسم اجراء عمل میں آئی، تو صرف پانچ دنوں میں ایک ہزار سے زائد نسخے فروخت ہوگئے اور دور دور تک یہ کتاب پہنچ گئی ، مجھے خود بھی اس پذیرائی کی امید نہیں تھی ، بلکہ میں اسے اس نسبت کی برکت سمجھتا ہوں کہ اس کتاب کا بڑا حصہ سفرِ حجاز کے درمیان چلتے پھرتے لکھا گیا، جلدہی اس کتاب کا دوسرا ایڈیشن بھی آگیا، اور قریب سال بھر میں یہ ایڈیشن بھی نکل گیا۔
ادھر عرصہ سے یہ کتاب نایاب تھی، اور اصحاب ذوق کا تقاضہ تھا کہ جلد سے جلد اس کی اشاعت عمل میں آنی چاہئے ۔ کتب خانہ نعیمیہ دیوبند اور اس کے علم دوست ذمہ داران اس کی طباعت کے خواہشمند تھے۔ اور بار بار تقاضہ کرتے تھے، چنانچہ ایک طویل عرصہ انتظار کے بعد کتاب کا تیسرا ایڈیشن قارئین کے ہاتھوں میں ہے ، اس میں کوئی کمی یا اضافہ نہیں کیا گیا ہے ، البتہ طبع اول میں کتابت کی کچھ غلطیاں رہ گئی تھیں دوسرے ایڈیشن ان اغلاط کو سامنے رکھ کر ایک ’’ صحت نامۂ اغلاط ‘‘ کتاب کے اخیر میں شامل کردیا گیا تھا ، اب خود کتاب میں ان کی تصحیح کردی گئی ہے۔