ساتواں باب
زیبائش وآرائش
خدا نے اپنی اس کائنات کو نہایت حسین جمیل اور خوبصورت بنایا ہے سورج کی کرنیں ، چاند کی خنک روشنی ، آسمان کی جبیں پر روشن ستاروں کی آرائش ، زمین پر سرسبز پودوں کا نکھار اور نوع بہ نوع عطر بیز اور مشکبار اور خوش منظر پھولوں کی بہار ، فلک بوس پہاڑیاں اوران پر سفید برف کے دوپٹے ، سمندر کا لطف آمیز تموج اورآبشاروں کا کیف پرور اتار ، غرض پوری کائنات ہے کہ قدرت کی حسن کاری اور اس کی جمال آرائی کی تصویر ہے ۔
پھر خود حیوانات میں کیسے کیسے خوبصورت ، خوش منظر ، چہچہاتے دوڑتے ناچتے رقص کرتے اوراپنے نغموں سے محظوظ کرتے ہوئے چرند و پرند خدا کی اس دنیا میں اپنی اپنی طرف دامن دل کو کھینچتے اور نگاہ شوق کو متوجہ کرتے ہیں لیکن اس پوری کائنات کا سب سے حسین وجمیل وجود حضرت انسان کا ہے جو تمام مخلوقات میں اشرف بھی ہے ، ان کا مخدوم بھی اور خدا کی اس بستی کے بسائے جانے کا اصل مقصود بھی ۔