تاریخ اسلام جلد 2 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
بیٹے مبارز الدین کو ۷۱۳ھ میں مغل بادشاہ ابو سعید نے فارس کی گورنری عطا کی‘ ۷۱۵ھ میں فارس پر کرمان کا بھی اضافہ ہو گیا‘ اس نے فارس و کرمان پر قابض و متصرف ہو کر خود مختاری کا اعلان کیا‘ اس خاندان میں ۷۵۹ھ تک حکومت رہی‘ حافظ شیرازی مشہور شاعر اسی خاندان کے بادشاہ شجاع نامی کے دربار میں عزت کا مرتبہ رکھتے تھے۔ ترکمانان قراقونلی آذربائیجان یہ بھی مثل جلائر خاندان کے مغلیہ افواج کی سرداری رکھتے تھے‘ اس خاندان نے آذربائیجان میں نہروان کے جنوبی ملکوں میں اپنی حکومت قائم کی اور ۷۸۰ھ سے ۸۷۴ھ تک حکمراں رہے‘ ان میں قرا یوسف ترکمان بہت مشہور ہے‘ ان لوگوں سے آق قونلی ترکمانوں نے حکومت چھین لی۔ قراقونلی کے معنی سیاہ بھیڑ کے ہیں۔ یہ لوگ اپنے جھنڈے پر سیاہ بھیڑ کی تصویر بناتے تھے اس لیے ان کو قراقونلی کہا جاتا ہے‘ اسی طرح آق قیونلی کے معنیٰ سفید بھیڑ کے ہیں‘ جو لوگ اپنے جھنڈے پر سفید بھیڑ کی تصویر رکھتے تھے وہ آق قونلی کہلائے۔ اق قونلی خاندان آق قونلی ترکمانوں نے بھی دیار بکر کے نواح میں اپنی ریاست ۷۸۰ھ میں قائم کر لی تھی‘ انہوں نے ۷۸۴ھ میں قرا قونلی ترکمانوں کو آذربائیجان سے بالکل بے دخل کر کے اپنی حکومت تمام آذربائیجان و دیار بکر پر قائم کر لی تھی مگر ۹۰۷ھ میں شاہ اسماعیل صفوی نے ان کی سلطنت کو مٹا کر تمام ممالک پر قبضہ کر لیا۔ دولت صفویہ ۸۰۴ھ میں جب بمقام انگورہ تیمور کو فتح حاصل ہوئی تو بہت سے ترک تیموری لشکر نے گرفتار کر لیے‘ بعد فتح ان قیدیوں کو لیے ہوئے تیمور شیخ صفی الدین اردبیلی کی خدمت میں حاضر ہوا‘ شیخ صفی الدین اپنے آپ کو امام موسیٰ کاظم کی اولاد میں سے بتاتے تھے‘ مگر سنی مذہب رکھتے تھے‘ تیمور نے جب شیخ سے کسی خدمت کے لیے اپنی آمادگی ظاہر کی تو شیخ نے کہا ان ترک قیدیوں کو آزاد کر دے‘ تیمور نے اسی وقت ترک قیدیوں کو آزاد کر دیا‘ قیدیوں نے آزاد ہو کر شیخ کے ہاتھ پر بیعت کی اور شیخ کی خدمت میں رہنے لگے۔ تیمور تو اردبیل سے چلا گیا لیکن شیخ کے گرد سر فروش خدام کا ایک مجمع کثیر فراہم ہو گیا اور نسلا بعد نسل شیخ کی اولاد کے ساتھ ان ترک مریدوں کی اولاد نے وفاداری کا اظہار کیا حتی کہ شیخ کی اولاد میں اسمٰعیل صفوی کو بادشاہ بنا کر چھوڑا‘ اسماعیل صفوی شیعہ عقیدہ رکھتا تھا‘ ۹۰۳ھ میں وہ ایران کے بعض شہروں پر قابض و متصرف ہوا اور پھر رفتہ رفتہ تمام ملک ایران پر قابض ہو گیا‘ ۹۶۰ھ میں سلطان سلیم عثمانی نے اس کو مقام خالدران پر جو تبریز سے بیس فرسنگ کے فاصلہ پر ہے‘ شکست فاش دی اور صفوی سلطنت کے بعض مغربی صوبوں کو اپنی حکومت میں شامل کر کے شام و مصر کی طرف متوجہ ہو گیا‘ اسمعیل صفوی اس شکست کے بعد دس سال تک زندہ رہا‘ اس کے بعد اس کی اولاد میں ایران کی حکومت و سلطنت جاری رہی‘ یہاں تک کہ ۱۱۴۸ھ میں نادر شاہ ایرانی نے اس خاندان کا خاتمہ کر کے اپنی حکومت قائم کی۔ اس کے بعد ایران‘ اور افغانستان پر پٹھانوں کی حکومت قائم ہوئی‘ پھر ایران میں سلطنت قاچار شروع ہوئی‘ اور افغانستان اب تک پٹھانوں کے قبضہ میں ہے۔