تاریخ اسلام جلد 2 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
جائے گا اور عز الدولہ اپنے آپ کو عضد الدولہ کا نائب سمجھے گا‘ ابو الفتح کو عز الدولہ کے پاس چھوڑا اور خود فارس کی طرف چلا گیا۔ افتگین ان واقعات کے بعد دمشق کی طرف گیا اور وہاں معز عبیدی کے عامل کو نکال کر خود دمشق پر قابض و متصرف ہو گیا‘ اہل دمشق افتگین کی حکومت سے خوش ہوئے کیونکہ وہاں روافض اپنے اعتقادات کو زبردستی لوگوں سے منواتے اور تنگ کرتے تھے‘ افتگین کے پہنچنے سے ان کو نجات ملی‘ افتگین نے بجائے عبیدی سلطان کے خلیفہ طائع کے نام کا خطبہ جاری کیا‘ یہ واقعہ شعبان ۳۶۴ھ میں وقوع پذیر ہوا۔ عضد الدولہ کی حکومت ۳۶۲ھ میں رکن الدولہ کا انتقال ہو گیا‘ اس کے بعد عضدالدولہ اپنے باپ کا جانشین ہوا‘ عضدالدولہ کے خلاف عزالدولہ نے لشکر کی فراہمی کی تدبیریں کیں‘ عضدالدولہ اس کے ارادوں سے مطلع ہو کر بغداد پر چڑھ آیا‘ بغداد پر قبضہ کرنے کے بعد بصرہ پر بھی قابض ہو گیا‘ یہ واقعہ آخر ۳۶۶ھ کا ہے۔ ۳۶۷ھ کے شروع ہونے پر عضدالدولہ نے اپنے باپ کے وزیر ابو الفتح بن عمید کو جو عزالدولہ کا ہمنوا ہو گیا تھا پکڑ کر اندھا کر دیا اور قید میں ڈل دیا۔ عزالدولہ نے اپنے وزیر عمید کو جو عضدالدولہ کا ہم ساز ہو گیا تھا اندھا کر دیا اور موصل و شام کی طرف چلا گیا‘ وہاں سے ابو تغلب والی موصل کو اپنا ہمدرد بنا کر اور فوج لے کر بغداد پر حملہ آور ہوا۔ عزالدولہ کو عضدالدولہ نے لڑائی میں گرفتار کر کے قتل کر دیا اور ابو تغلب کے تعاقب میں جا کر موصل و جزیرہ پر قبضہ کر لیا‘ ابو تغلب آوارہ ہو کر قیصر روم کے پاس چلا گیا‘ وہاں قیصر نے اپنی لڑکی کی شادی ابو تغلب سے کر دی۔ بہرحال صوبہ موصل سے چند روز کے لیے بنو حمدان کی حکومت منقطع ہو گئی‘ ۳۷۲ھ میں عضدالدولہ نے اپنی حکومت کے پانچ برس چھ مہینے کی بعد وفات پائی اور امراء دولت نے اس کے بیٹے کا کیجار کو عضدالدولہ کی جگہ مسند حکومت بٹھا کر صمصام الدولہ کے لقب سے ملقب کیا‘ خلیفہ طائع اللہ بھی رسم تعزیت ادا کرنے اور حکومت کی مبارک باد دینے صمصام الدولہ کے پاس آیا۔ صمصام الدولہ کی حکومت صمصام الدولہ کے کئی بھائی تھے‘ منجملہ ان کے ایک شرف الدولہ تھا‘ اس نے صمصام الدولہ کے خلاف علم بغاوت بلند کر کے فارس پر قبضہ کر لیا‘ ۳۷۵ھ میں شرف الدولہ نے بغداد پر حملہ کیا‘ رمضان ۳۷۶ھ میں شرف الدولہ نے صمصام الدولہ کو گرفتار کر کے بغداد پر قبضہ کیا‘ خلیفہ طائع اللہ نے شرف الدولہ کو کامیابی پر مبارک باد دی‘ صمصام الدولہ کو فارس بھیج دیا گیا وہاں پہنچ کر صمصام الدولہ آزاد کر دیا گیا۔ شرف الدولہ کی حکومت شرف الدولہ جب بغداد‘ عراق پر قابض ہوا تو موصل میں فتنہ و فساد برپا تھا‘ بنو حمدان میں سے سیف الدولہ کے بعد اس کا بیٹا سعدالدولہ حلب وغیرہ پر حکمران تھا‘ شرف الدولہ بن عضدالدولہ دو برس آٹھ مہینے کی حکومت کے بعد ۳۷۹ھ میں بعارضہ استسقاء قوت ہوا۔ شرف الدولہ کی وفات کے بعد اس کا بھائی بہاء الدولہ حکمران ہوا۔ بہاء الدولہ کی حکومت