تاریخ اسلام جلد 2 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
اہم اور بہت دلچسپ ہے۔ دولت مغلیہ ایشیا ملک چین کے شمالی پہاڑوں سے چنگیز خان کی زیر قیادت مغلوں یا تاتاریوں کے گروہ نے مغرب کی جانب خروج کر کے ترکستان‘ ماوراء النہر‘ خراسان‘ آذربائیجان‘ اصفہان‘ افغانستان‘ فارس‘ عراق‘ شام‘ ایشیائے کوچک‘ روس‘ آسڑیا‘ تک کے تمام ملکوں کو اپنی لوٹ مار اور قتل و غارت کا آماجگاہ ساتویں صدی ہجری کے شروع بنا لیا تھا‘ سینکڑوں حکومتوں کو برباد اور سینکڑوں حکمران خاندانوں کو مستاصل کر دیا‘ ساتویں صدی ہجری کے وسط یعنی ۶۵۶ھ میں ہلاکو خاں نے بغداد کو لوٹا اور بغداد کے آخری عباسی خلیفہ مستعصم باللہ کو قتل کیا‘ اس کا ذکر اوپر آ چکا ہے۔ ۶۲۴ھ میں چنگیز خاں کے فوت ہونے پر مغلوں کی حکومت کے کئی ٹکڑے ہو گئے تھے‘ چنگیز خاں کی اولاد ایک کا حصہ چین پر حکمراں ہوا‘ ایک حصہ نے ترکستان و ماوراء النہر میں اپنی حکومت قائم کی‘ ایک حصہ نے خراسان و ایران پر اپنی حکومت قائم کی‘ ایک حصہ بحر قزوین کے شمالی و مغربی حصہ پر فرماں روا ہوا‘ ان میں مغلوں کی وہ حکومت جو ایران و خراسان میں ہلاکو خاں نے قائم کی تھی زیادہ قابل توجہ ہے‘ چند روز کے بعد ان مغلوں کی اکثر حکومتیں اسلامی حکومتوں میں تبدیل ہو گئیں‘ یعنی مغلوں نے اسلام قبول کر لیا اور اسلام کے خادم بن گئے‘ دو سو یا پونے دو سو برس کے بعد بر اعظم ایشیاء میں مغلوں کی حکومتیں کمزور ہوتے ہوتے نابود ہونے لگیں‘ اور ان کی جگہ کثیر التعداد چھوٹی چھوٹی ریاستیں جابجا ایران و خرسان و عراق و ماوراء النہر میں قائم ہو گئیں۔ ۱؎ ان جنگوں کو صلیبی جنگیں یا مسلمانوں کے خلاف عیسائیوں کی مقدس جنگیں (C رضی اللہ عنھا us رحمہ اللہ تعالی d صلی اللہ علیہ و سلم s)کہتے ہیں۔ ۸۰۰ھ کے قریب ان مغلوں کے تنزل و بربادی کے عالم میں ایک شخص تیمور سردار ہوا‘ اس نے اپنی ملک گیریوں اور فتح مندیوں سے تمام براعظم الیشیا میں ایک تہلکہ برپا کر دیا اور دنیا کو چنگیز خان کی ملک گیریوں کا تماشا پھر دکھا دیا‘ تیمور چونکہ مسلمان تھا اس لیے اگرچہ قتل و غارت کے ہنگامے اس کے ذریعہ بھی بہت رونما ہوئے تاہم اس کی ملک گیریاں چنگیزی حملوں کے مقابلے میں زیادہ باقاعدہ اور مہذبانہ تھیں‘ تیمور کی اولاد ان تمام ملکوں کی وارث ہوئی‘ جن پر چنگیز خان کی اولاد نے حکومت کی تھی‘ جس طرح چنگیز خان کی اولاد کی تنزل ہوا‘ بالکل اسی طریقہ اور اسی رفتار سے تیمور سے تیمور کی اولاد کا زوال ہوا‘ جتنے دنوں چنگیزی مغلوں نے الیشیا کے ملکوں پر حکومت کی تھی‘ قریباً اتنے ہی دنوں تیموری مغلوں کا دور دورہ رہا۔ جب ایران و ترکستان وغیرہ سے تیموری خاندان کی حکومت مٹ گئی تو تیمور کی اولاد میں ایک شخص بابر پیدا ہوا‘ اس نے ہندوستان و افغانستان میں ایک زبردست حکومت کی بنیاد ڈالی جو عرصہ تک اس کے خاندان میں باقی رہی۔ دولت عثمانیہ ترکی ترکان غز کا تذکرہ اوپر کہیں آ چکا ہے‘ ان ترکان غز کے اکثر قبائل کو سلجوقیوں نے دھکیل کر صوبہ ارمینیا اور بحیرہ قزوین کے ساحلوں کی طرف پہنچا دیا تھا‘ انہیں میں ایک وہ قبیلہ تھا جس کو سلطنت عثمانیہ قائم کرنے کا فخر حاصل ہوا‘ جب سلاطین