عرصہ سے اس کی ضرورت محسوس کی جا رہی تھی کہ حلال وحرام کے مسائل جو مختلف فقہ و فتاویٰ کی کتابوں میں بکھرے پڑے ہیں ان کو یکجا کر کے اردو زبان میں ایک کتاب کی صورت میں شائع کر دیا جائے۔
اللہ جزائے خیر عطا کرے برادر عزیز مولانا خالد سیف اللہ رحمانی سلمہ کو کہ ان کی نظر اس طرف مبذول ہوئی انہوں نے محنت کر کے یہ قیمتی سرمایہ یکجا کر دیا جنکی اس سے پہلے بھی کئی کتابیں شائع ہو کر مقبول عام ہو چکی ہیں۔ مولانا موصوف ماشاءاللہ نوجوان علمائے کرام میں اپنی ایک امتیازی شان رکھتے ہیں اور انہیں فقہ و فتاویٰ سے کافی مناسبت ہے۔دارالعلوم دیوبند کے فاضل اور ایک علمی خاندان کے چشم وچراغ ہیں۔ کتاب ہر پہلو سے جامع ہے،زبان سلیس و شگفتہ ہے،مستند مراجع سے مستفاد ہے،مسائل و احکام کا بصیرت مندانہ انتخاب ہے اور ترتیب عمدہ ہے۔امید ہے یہ کتاب شائع ہو کر امت کے لئے مفید ثابت ہو گی، اور مسلمانوں میں رہبری کا فریضہ ادا کرے گی۔
اس موقع سے ہمارا خوش گوار فرض ہے کہ دارالعلوم سبیل السلام حیدرآباد اور اس کے ناظم عزیز مکرم مولانا محمد رضوان القاسمی زید مجدہ کا شکریہ ادا کریں جن کی ایماء سے یہ مہتم بالشان کام انجام پایا اور جسے دارالعلوم سبیل السلام اپنے اخراجات سے شائع کر رہا ہے۔
اخیر میں دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مؤلف و ناشر کی اس گرانقدر خدمت کو قبول فرمائے اور مسلمانوں کو اس کتاب کے ذریعہ زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچائے۔
ربنا تقبل منا انک انت السمیع العلیم------------------------------
طالب دعا: محمد ظفیر الدین غفرلہ
مفتی دارالعلوم دیوبند،
18 ربیع الثانی 1412ھ