ملفوظات حکیم الامت جلد 23 - یونیکوڈ |
|
امرا ء سے سخت استغناء فرمایا کہ امراء عموما اہل علم کو بے قدر سمجھتے ہیں بجز ان کے جنہوں نے صحبت اہل علم کی اٹھائی ہے - اہل علم خود جا جا کر گھستے ہیں مجھے تو بڑی غیرت آتی ہے - اپنی پیاز روٹی اچھی اس بریانی سے جس میں ذلت ہو اور امراء جو اہل علم کو بے قدر سمجھتے ہیں تو وجہ یہ ہے کہ ان امراء کو ایسے ہی اہل علم ملے جو قابل ذلت تھے اس لئے میں امراء کو بھی معزور رکھتا ہوں - ایک صاحب ذی استعداد اہل علم کا واقعہ بیان کیا کہ وہ ایک دنیا دار فاسق فاجر شرابی کے یہاں کسی کی سفارش کے لئے پہنچے وہ ہوا خوری کے لئے ٹمٹم پر جارہا تھا کہا اس وقت فرصت نہیں پھر آیئے گا - مولوی صاحب پھر پہنچے پھر فرمایا کہ امراء کی کیا خطا - ف : - اس سے امراء سے سخت استغناء صاف ظاہر ہے - سوال - چند ہ سے نفرت ؛ پسندیدگی طرز سلف صالحین ؛ اعتدال طبع فرمایا کہ میں تو چندوں کی بابت بھی علماء کا زبان سے کہنا بالکل پسند نہیں کرتا - لوگ بڑی تہمت لگاتے ہیں بالکل یہ سمجھتے ہیں کہ کھانے کمانے کو مولویوں نے مدرسہ کھول رکھے ہیں - ان کے دروازہ پر چندے کے لئے کبھی نہ جائے - پھر فرمایا کہ اپنی ذات سے جو خدمت دین کی ہو وہ کردے - اگر چندہ نہ آوے نہ سہی - اگر ہم لوگوں کے قلوب درست ہوجاویں تو سلف صالحین کے طرز پر دین کی خدمت کریں ان کو ہرگز حاجت بڑے بڑے مکانوں کی نہ تھی عالم اپنے گھر پر درس دیتا تھا لیکن اس حالت پر یہ رائے نہ دوں گا کہ مدرسہ موقوف کرجاویں - مدرسوں کا وجود خیر عظیم ہے یہ موقوف نہ ہونے چاہیں - کیونکہ یہ زمانہ ہی ایسا ہے مگر اعتدال سے تو گزرے - ف : - اس سے حضرت والا کی نفرت چندہ مانگنے سے - طرز سلف صالحین کی پسندیدگی اور ہر امر میں اعتدال کا پورا پورا لحاظ ثابت ہے - ظرافت اور حاضر جوابی ایک صاحب نے کہا کہ عورتیں بہشتی زیور کو اس لئے اور بھی پسند کرتی ہیں کہ اس کی